کرکٹ عالمی کپ LIVE : ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 7 وکٹ سے روندا

ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 7 وکٹ سے روندا

تیزگیندباز اوشن تھامس اور کپتان جیسن ہولڈر کی خطرناک گیندبازی اور جارح سلامی بلے باز کرس گیل (50) کی شاندار نصف سنچری سے ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو عالمی کپ مقابلے میں جمعہ کو یکطرفہ انداز میں سات وکٹ سے ہرا دیا۔

دو مرتبہ کی سابق چیمپئن ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 21.4 اوور میں 105 رن سمیٹنے کے بعد 13.4 اوور میں ہی تین وکٹ پر 108 رن بنا کر عالمی کپ میں جیت کے ساتھ آغاز کیا۔ پاکستان نے مایوس کن بلے بازی کا مظاہرہ کیا جس کے بعد اس کے گیند بازوں کے پاس دفاع کرنے کے لیے کچھ بھی نہیں رہ گیا۔

کرس گیل نے صرف 34 گیندوں میں چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے شاندار 50 رن بنائے۔ ان کی ون ڈے میں یہ مسلسل چھٹی نصف سنچری تھی اور وہ مسلسل چھ نصف سنچری بنانے کے معاملے میں مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر آ گئے۔ پاکستان کے جاوید میانداد کے نام مسلسل نو نصف سنچری کا عالمی ریکارڈ ہے۔

ویسٹ انڈیز کے 50 رنز مکمل

پاکستان کی طرف سے طے کئے گئے 106 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے 8.3 اوور میں 50 رنز مکمل کر لئے ہیں۔ گیل 34 رنز پر اور این پورن ایک رن بناکر کھیل رہے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کو لگا دوسرا جھٹکا

ویسٹ انڈیز کو دوسرا جھٹکا ڈیرین براوو کے طور پر لگا، انہیں محمد عامر کی گیند پر بابر اعظم نے لپکا۔ پاکستان کی طرف سے دونوں وکٹ محمد عامر نے حاصل کئے ہیں۔ فی الحال ویسٹ انڈیز کا اسکور 7 اوور کے بعد 48 رنز ہے۔ میدان پر کرس گیل 33 رنز بنا کر میدان پر موجود ہیں، ان کا ساتھ دینے کے لئے این پورن موجود ہیں۔


ویسٹ انڈیز کا اسکور ایک وکٹ کے نقصان پر 38 رنز

پاکستان کے بہت ہی کم 105 کے اسکور کا تعاقب کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے ایک وکٹ کے نقصان پر 38 رنز بنا لئے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے سلامی بلے باز شائی ہوپ کو محمد عامر کی گیند پر محمد حفیظ نے کیچ کیا۔


پاکستان کی ٹیم 105 رنز پر آل آؤٹ

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آئی سی سی کرکٹ عالمی کپ کا دوسرا میچ ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج میدان پر کھیلا جا رہا ہے۔ ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرنے کے لئے اتری پاکستان کی ٹیم تاش کے پتوں کی طرح ڈہہ گئی اور 21.4 اوور میں محض 105 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ یہ عالمی کپ کی تاریخ میں دوسرا سب سے کم اسکور ہے۔

پاکستان کا دسواں وکٹ وہاب ریاض کے طور پر گرا جنہوں نے آؤٹ ہونے سے پہلے دو چھکے لگائے لیکن جب تک کافی دیر ہو چکی تھی۔ وہاب ریاض کو 18 کے نجی اسکور پر اوشانے تھامس نے بولڈ آؤٹ کیا۔ اوشانے تھامس نے سب سے زیادہ 4 وکٹ حاصل کئے۔

بری طرح لڑکھڑائی پاکستان کی ٹیم، 83 رنوں پر 9 کھلاڑی آؤٹ

پاکستان کی ٹیم کا نواں وکٹ بھی گر چکا ہے۔ ایک سرے پر کافی دیر سے ٹکے ہوئے محمد حفیظ بھی 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ انہیں اوشانے تھامس نے شیلڈن کوٹریل کے ہاتھوں کیچ کرایا۔

آخری جوڑی کے طور پر وہاب ریاض اور محمد عامر میدان پر موجود ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر اور اوشانے تھامس نے تین تین وکٹ، آندرے رسیل نے 2 جبکہ شیلڈن کوٹریل نے ایک وکٹ حاصل کیا۔

بری طرح لڑکھڑائی پاکستان کی ٹیم، 81 رنوں پر 8 کھلاڑی آؤٹ

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آئی سی سی کرکٹ عالمی کپ کا دوسرا میچ ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج میدان پر کھیلا جا رہا ہے۔ ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرنے کے لئے اتر پاکستان کی ٹیم بری طرح لڑکھڑا گئی ہے اور اس کے 8 کھلاڑی 81 رنوں کے اسکور پر پویلین لوٹ چکے ہیں۔

پاکستان کا پانچواں وکٹ شاداب خان کے طور پر گرا، جنہیں اوشانے تھامس نے صفر کے اسکور پر ایل بی ڈبلیو کر کے پویلین بھیجا۔ اس کے بعد عماد وسیم (1) کو جیسن ہولڈر کی گیند پر کرس گیل نے لپک لیا۔ ساتواں وکٹ شاداب خان کے طور پر گرا جنہوں نے کوئی رن نہیں بنایا۔ اس کے بعد حسن علی آؤٹ ہوئے جنہوں نے ایک رن کا تعاون کیا۔

پاکستان کو لگا چوتھا جھٹکا، بابر اعظم 22 رن بنا کر آؤٹ

پاکستان کو چوتھا جھٹکا بابر اعظم کے طور پر لگا ہے، وہ 16 گنیدوں پر 22 رنز کا اسکور کر کے پویلین لوٹ گئے۔ بابر اعظم کو اوشانے تھامس نے شائی ہوپ کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ پانچویں نمبر پر بلے بازی کرنے کے لئے محمد حفیظ میدان پر پہنچے ہیں جبکہ کپتان سرفراز احمد 7 رنز بناکر کھیل رہے ہیں۔

پاکستان کے 45 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آئی سی سی کرکٹ عالمی کپ کا دوسرا میچ ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج میدان پر کھیلا جا رہا ہے۔ ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرنے کے لئے اتر پاکستان کی ٹیم نے 10 اوور میں تین وکٹ کے نقصان پر 45 رنز کا اسکور بنایا ہے۔ بابر اعظم 12 رنز بناکر میدان پر موجود ہیں جبکہ سرفراز احمد کا ابھی کھاتہ نہیں کھلا ہے۔

پاکستان کے سلامی بلے باز امام الحق 2 جبکہ فخرزماں 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ امام الحق شیلڈن کوٹریل کی گیند پر شائی ہوپ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ فخر زماں کو آندرے رسیل نے بولڈ آؤٹ کیا۔ پاکستان کا تیسرا وکٹ حارث سہیل کے طور پر گرا جنہوں نے 8 رنوں کا تعاون کیا۔

ویسٹ انڈیز کے گیند باز آندرے رسیل نے دو جبکہ شیلڈن کوٹریل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی

کرکٹ عالمی کپ کے دوسرے مقابلے میں ویسٹ انڈیز اور پاکستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پاکستانی کپتان سرفراز سے پہلے بلے بازی کے لیے کہا ہے۔ دونوں ہی ٹیموں کے کھلاڑی عالمی کپ کرکٹ کے اس میچ کو لے کر پرجوش ہیں اور اپنی ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے فخر زماں اور امام الحق اوپننگ کے لیے میدان پر اترے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے پہلا اوور شیلڈن کوٹریل پھینک رہے ہیں۔


Source بشکریہ قومی آواز بیورو—

Leave a comment