بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو کے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو کی گاڑی جمعہ کے روز حادثہ کا شکار ہو گئی۔ اس حادثے میں تیج پرتاپ یادو کو کافی چوٹیں آئی ہیں۔ انھیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ واقعہ راجدھانی پٹنہ کے ایکو پارک کا ہے۔ سڑک حادثہ میں تیج پرتاپ کی گاڑی بری طرح سے تباہ ہو گئی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ تیج پرتاپ یادو اپنے حامیوں کے ساتھ کہیں جا رہے تھے۔ ایکو پارک کے پاس سامنے سے آ رہی تیز رفتار کار سے ان کی گاڑی کی ٹکر ہو گئی۔ میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں کئی لوگ زخمی ہو گئے ہیں جنھیں مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
جائے وقوع پر موجود لوگوں کا کہنا ہے کہ دونوں گاڑیوں کی رفتار زیادہ تھی اس لیے ٹکر بھی زوردار ہوئی۔ واقعہ کی خبر ملتے ہی پولس اسکارٹ کی گاڑی جائے حادثہ پر پہنچی۔ زخمی ہوئے لوگوں کو پولس اسکارٹ گاڑی سے اسپتال لے گئی۔ اس واقعہ کے بعد رابڑی دیوی کے علاوہ تیجسوی یادو سمیت تمام لیڈران نے اسپتال پہنچ کر تیج پرتاپ کی خیریت دریافت کی۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی تیج پرتاپ یادو سڑک حادثے کے شکار ہو چکے ہیں۔ پٹنہ میں گزشتہ سال 26 جولائی کی صبح سڑک پر سائیکل چلاتے ہوئے وہ اپنے ہی کارکیڈ کی گاڑی سے ٹکرا کر گر پڑے تھے۔
غور طلب ہے کہ اس سے پہلے فروری مہینے میں مظفر پور میں بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر سی پی ٹھاکر کے قافلے میں بڑا سڑک حادثہ ہو گیا تھا۔ اس وقت سی پی ٹھاکر کے اسکارٹ میں شامل ایک گاڑی حادثہ زدہ ہو گئی تھی۔ حادثہ میں ایک داروغہ کی موت ہو گئی تھی جب کہ وہاں موجود تین دیگر سپاہی سنگین طور پر زخمی ہو گئے تھے۔
– Source بشکریہ قومی آواز بیورو—
