سمریتی مندھانا اور موسیقار پلاش مچھل کی شادی پر پورے ملک کی نظریں جمی ہوئی تھیں۔ سنگیت، مہندی اور ہلدی کی تقریبات شاندار انداز میں منعقد ہوئیں، تاہم شادی میں چند گھنٹے باقی رہتے ہی یہ تقریب ملتوی کرنے کا چونکا دینے والا فیصلہ کیا گیا اور بعد ازاں شادی منسوخ کر دی گئی۔
بھارتی اسٹار کرکٹر سمریتی مندھانا کی شادی سانگلی میں ہونے والی تھی، جس کی بھرپور تیاریاں جاری تھیں۔ مہمانوں کی آمد ہو چکی تھی اور سنگیت، مہندی و ہلدی کی رسومات نہایت دھوم دھام سے انجام پائیں۔ بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں نے بھی شادی کی تقریبات میں شرکت کی اور سمریتی کے لیے خصوصی ویڈیو تیار کی۔ سمریتی مندھانا کی شادی موسیقار پلاش مچھل کے ساتھ طے تھی۔ قابلِ ذکر ہے کہ دونوں کئی برسوں سے ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے تھے۔ پلاش نے انتہائی خاص انداز میں سمریتی کو شادی کے لیے پروپوز کیا تھا۔ سنگیت کی محفل میں دونوں نے ایک دوسرے کے لیے خصوصی ڈانس بھی کیا۔
تاہم سنگیت کے بعد اچانک حالات نے ایسا رخ اختیار کیا کہ شادی ملتوی کرنے کا فیصلہ کرنا پڑا اور شادی کے لیے آئے مہمان واپس لوٹ گئے۔ ابتدا میں یہ کہا گیا کہ سمریتی مندھانا کے والد کی طبیعت اچانک خراب ہونے کے باعث شادی آگے بڑھائی گئی، لیکن بعد میں حیران کن انکشافات سامنے آئے اور بالآخر سمریتی مندھانا نے خود شادی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس فیصلے سے سبھی کو بڑا دھچکا پہنچا۔
اب سمریتی مندھانا اور پلاش مچھل کے بعد جنوبی ہند کی فلم انڈسٹری کی ایک معروف اداکارہ کا بھی رشتہ ٹوٹنے کی خبر سامنے آئی ہے۔ مشہور اداکارہ نویتا پیتھوراج کا دبئی کے کاروباری شخصیت راجتھ اِبران کے ساتھ منگنی ہو چکی تھی اور جلد ہی شادی ہونے والی تھی، مگر اچانک اداکارہ نے یہ رشتہ ختم کرنے کا چونکا دینے والا فیصلہ کر لیا۔
راجتھ اِبران اور نویتا پیتھوراج کی منگنی اگست 2025 میں ہوئی تھی۔ ابتدا میں سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا، تاہم اچانک دونوں کی زندگی میں بڑے اختلافات پیدا ہوئے اور بالآخر علیحدگی کا فیصلہ کیا گیا۔ دونوں 2026 میں نئی زندگی کی شروعات کرنے والے تھے۔ اداکارہ نے سوشل میڈیا پر رومانوی تصاویر شیئر کر کے اپنے رشتے کی معلومات بھی دی تھیں، لیکن منگنی کے چند ہی دنوں بعد یہ حیران کن فیصلہ سامنے آ گیا۔