نئی دہلی۔4۔ مارچ۔چین کےصوبہ ہوبئی کے دارالحکومت ووہان سے شروع ہوئے مہلک کورونا وائرس کی زد میں آکر دنیا کے 70 ممالک میں اب تک 3173 سے زائد افراد کی موت ہو چکی ہے اور تقریبا 92533 افراد اس وائرس سے متاثر ہیں ۔ کورونا وائرس کا قہر تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور یہ وائرس یورپ کے کئی ممالک سمیت 70 ممالک میں پھیل چکا ہے ۔
پوری دنیا میں کورونا کے انفیکشن سے متاثر لوگوں میں سے اب تک تقریبا 50 ہزار لوگوں کو اس سے نجات دلائی گئی ہے ۔ ہندوستان میں پیر کے روز دو مزید کورونا وائرس کے معاملوں کی تصدیق ہونے کے سااتھ ہی اب تک ’ كووڈ -19‘ کے پانچ معاملوں کی تصدیق ہو چکی ہے.
ایران میں بھی کورونا وائرس کا دائرہ وسیع ہوتا جارہا ہے۔ 77 افراد اس مہلک وائرس کی زد میں آکر ہلاک ہوچکے ہیں ۔اس وائر س سے متاثر ہونے والوں کی تعداد بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہی ہے۔ذرائع کے مطابق آٹھ سو سے زائد نئے معاملے روشنی میں آئے ہیں۔ ایران میں دو ہزار تین سو سے زیادہ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔ دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی وزارت تعلیم نے منگل کے روز سرکاری اور نجی اسکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے لئے موسم بہار کی تعطیلات کے آغاز کا اعلان کیا۔ اعلامیہ کے مطابق ، موسم بہار کی وقفہ 8 مارچ ، اتوار سے شروع ہوگی۔ایک سرکاری بیان کے مطابق ، اس اقدام سے "طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنانے اور احتیاطی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے اور یہ قومی سطح پر کی جانے والی کوششوں اور اقدامات کےتحت کیاجارہاہے۔ جس کا مقصد کورونا وائرس (کوویڈ – 19) کی وباء پرقابوپاناہے۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اتوار سے سرکاری و نجی اسکولوں اور اعلی تعلیمی ادارے چار ہفتوں کے لئے بند رکھاجائیگا۔ وہیں اٹلی میں اب تک اناسی جبکہ ایران میں ستتر افراد اس وائرس کی زد میں آر ہلاک ہوچکے ہیں۔اٹلی میں 2500سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔کوروناوائرس کے بڑھتے اثرات سے نمٹنے کے لیے میلان میں دواسپتال قائم کیے جارہے ہیں۔