ممبئی : 28 ستمبر (ورق تازہ نیوز) ہفتہ کو نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سینئر رہنما اجیت پوار نے کہا ہے کہ ایم ایس سی بینک کے مبینہ اسکینڈل میں ان کے چچا اور پارٹی کے سربراہ شرد پوار کا نام بلا وجہ شامل ہونے کے بعد انہوں نے اپنے "ضمیر” کی آواز پر ایم ایل اے کے عہدے سے استعفی دے دیا۔جمعہ کے روز اجیت پوار نے ، مہاراشٹر انتخابات سے قبل استعفیٰ دے کر، سیاسی حلقوں کو حیرت میں ڈال دیا تاہم انھوں نے اس بات سے انکار کیا کہ پوار خاندان میں کوئی تنازعہ ہے۔
انہوں نے مہاراشٹرا اسٹیٹ کوآپریٹو بینک میں 25،000 کروڑ روپئے کے مبینہ گھپلے کے سلسلے میں اپنے اوپر لگائے گئے الزامات پر بھی سوال اٹھایا۔
ممبئی میں ایک پریس کانفرنس میں اجیت پوار نے کہا ، "شرد پوار کا بینک کے کسی عہدہ یا لین دین سے دور دراز سے بھی وابستہ نہیں ہیں۔ اس کے باوجود ، دو دنوں سے ، میڈیا میں صرف صرف پوار صاحب کا نام ہی لیا جاریا ہے”
"میں شرد پوار کی وجہ سے ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدہ تک پہنچا …. لیکن اب میں پریشان ہوگیا ہوں کیونکہ میں نے محسوس کیا کہ میری وجہ سے انہیں (شردپوار) کو اس عمر میں بدنامی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ لہذا، میں نے استعفی دینے کا فیصلہ کیا "انہوں نے کہا ، "اگر میں نے این سی پی کارکنوں کے جذبات کو میرے اس فیصلہ کی وجہ سے مجروح کیا تو معذرت خواہ ہوں۔”
گھوٹالے کے الزامات کے بارے میں ، پوار نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کوآپریٹو بینک کے بورڈ کے ممبر تھے ، اور قرضوں کی منظوری اور دیگر معاملات کے بارے میں تمام فیصلے اجتماعی طور پر لئے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایم ایس سی بی کے 11،500 سے 12،000 کروڑ روپئے کے ذخائر رکھے گئے ہیں ، تو 25،000 کروڑ روپے کا گھوٹالہ کیسے ہوسکتا ہے۔
این سی پی رہنما نے بتایا کہ بینک کو 285 کروڑ روپے کا منافع ہوا ہے۔
ممبئی پولیس نے ممبئی ہائی کورٹ کے حکم پر اس معاملے میں ایف آئی آر درج کی تھی ، جس کے بعد انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اجیت پوار ، شرد پوار اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کے معاملے کا اندراج کیا تھا۔