کھاریگاؤں ٹول پلازہ کے خلاف راشٹروادی کانگریس پارٹی (شرد پوا ر گروپ) کا سخت موقف تھانے کے شہریوں کو چھوٹ نہ ملی تو ٹول بند کر دیں گے: منوج پردھان

کھاریگاؤں ٹول پلازہ کے خلاف راشٹروادی کانگریس پارٹی (شرد پوار گروپ) کا سخت موقف
تھانے کے شہریوں کو چھوٹ نہ ملی تو ٹول بند کر دیں گے: منوج پردھان

تھانے (آفتاب شیخ)

ممبئی-ناسک شاہراہ پر کھاریگاؤں میں مجوزہ ٹول پلازہ کے خلاف سیاسی مخالفت شدت اختیار کرتی جا رہی ہے۔ راشٹروادی کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار) کے ضلع صدر منوج پردھان نے واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ اگر تھانے کے شہریوں کو ٹول میں رعایت یا مکمل چھوٹ فراہم نہیں کی گئی تو پارٹی اس ٹول پلازہ کو بند کرانے کے لیے سخت احتجاج کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تھانے-ممبئی-ناسک روڈ پر کھاریگاؤں کے مقام پر دوبارہ ٹول پلازہ قائم کرنے کی کوششیں شروع ہو چکی ہیں، جس کی این سی پی (ایس پی) سخت مخالفت کرتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ممبئی-ناسک ہائی وے پر ماجیواڑا تا وڈپے پروجیکٹ تقریباً 90 فیصد مکمل ہو چکا ہے اور آئندہ چند مہینوں میں اس کی تکمیل متوقع ہے، جس سے سفر تیز تو ہوگا لیکن شہریوں پر ٹول کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ کھاریگاؤں کے پرانے ٹول پلازہ کے مقام پر نئے سرے سے ٹول بوتھ تعمیر کرنے کا عمل شروع ہو چکا ہے، جس پر پارٹی نے اعتراض اٹھایا ہے۔

منوج پردھان نے مزید کہا کہ کھاریگاؤں ٹول بوتھ 1998 میں قائم کیا گیا تھا اور اس کے خلاف مسلسل احتجاج کے بعد 2017 میں اسے مستقل طور پر بند کر دیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں تھانے، بھیونڈی، کلیان اور ناسک سمیت دیگر علاقوں کے ہزاروں گاڑی مالکان کو راحت ملی تھی۔ اب محض چند برسوں بعد دوبارہ ٹول نافذ کرنا عوام پر دوہرا مالی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے، جبکہ گاڑی خریداری کے وقت پہلے ہی روڈ ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ٹول کی دوبارہ وصولی نہ صرف عام شہریوں بلکہ تاجروں پر بھی اثر انداز ہوگی، جس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جس طرح 14 اکتوبر 2024 کو ممبئی کے پانچ داخلی ٹول ناکوں پر ٹول چھوٹ دی گئی تھی، اسی طرز پر تھانے کے رہائشیوں کو بھی کھاریگاؤں ٹول پلازہ پر چھوٹ دی جائے۔

دریں اثنا، شہریوں کو متبادل راستوں کی کمی کا بھی سامنا ہے۔ اگر کھاریگاؤں یا ممبرا کے رہائشی گھوڑبندر کا رخ کرتے ہیں تو شاہراہ بہتر متبادل ہے، تاہم تھانے شہر آنے یا واپس جانے کے لیے انہیں دو مرتبہ ٹول ادا کرنا پڑے گا یا پھر کلوا، کورٹ ناکہ، جامبھلی ناکہ، کھوپت جنکشن اور ماجیواڑا جیسے مقامات پر شدید ٹریفک کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس لیے متبادل سڑکوں کی فوری تعمیر اور مقامی شہریوں کو ٹول سے مستثنیٰ قرار دینے کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔

آخر میں منوج پردھان نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر تھانے کے شہریوں کو ٹول میں رعایت نہیں دی گئی تو پارٹی سڑکوں پر اتر کر ٹول پلازہ بند کرانے کے لیے بھرپور احتجاج کرے گی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading