پہلگام میں سیاحوں کی جان بچاتے ہوئے شہید ہونے والے کشمیری نوجوان کے اہل خانہ کو ایکناتھ شندے کی مدد
5 لاکھ روپے کی مالی امداد، ویڈیو کال پر شہید کے خاندان سے اظہار تعزیت اور ہر ممکن تعاون کا وعدہ
ممبئی (آفتاب شیخ)
جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے دوران سیاحوں کو بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کرنے والے 20 سالہ سید عادل حسین شاہ کے اہل خانہ کو مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے 5 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے ویڈیو کال کے ذریعے شہید کے خاندان سے گفتگو کرتے ہوئے گہری تعزیت کا اظہار کیا اور ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
پہلگام میں خچر پر سیاحوں کی رہنمائی کرتے ہوئے روزگار کمانے والے سید عادل شاہ نے حملے کے دوران غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کیا۔ جب دہشت گردوں نے حملہ کیا تو عادل نے اپنے ساتھ موجود سیاح کو بچانے کے لیے ایک دہشت گرد سے اسلحہ چھیننے کی کوشش کی، اسی جدوجہد کے دوران وہ گولی لگنے سے شہید ہو گئے۔
اس حملے کے بعد مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے متعدد سیاح پہلگام میں پھنس گئے تھے۔ صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے فوری طور پر 23 اپریل کو سری نگر پہنچے، جہاں انہوں نے ایئرپورٹ کے قریب قائم ریلیف کیمپوں میں پھنسے ہوئے سیاحوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سن کر فوری مدد فراہم کی۔ اسی دوران انہیں سید عادل کی بہادری کی اطلاع ملی، جس نے انہیں بے حد متاثر کیا۔
شیوسینا کے کارکنان، سرحد سنستھا کے نمائندوں اور سرحدی عہدیداروں پر مشتمل ایک وفد نے پہلگام جا کر شہید سید عادل حسین شاہ کے اہل خانہ کو پانچ لاکھ روپے کا امدادی چیک پیش کیا۔ اس موقع پر مقامی رکن اسمبلی سید رفیق شاہ بھی موجود تھے۔ اس دوران نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے دوبارہ ویڈیو کال کے ذریعے خاندان سے رابطہ کیا اور سید عادل کی قربانی کو انسانیت اور بہادری کی روشن مثال قرار دیا۔
ملاقات کے دوران شہید کے بھائی نے جذباتی انداز میں واقعے کی تفصیلات بیان کیں اور اپنے بھائی کی جرات اور قربانی پر فخر کا اظہار کیا۔ ایکناتھ شندے نے خاندان کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اس دکھ بھرے وقت میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے شہید کے اہل خانہ کے خستہ حال مکان کی تعمیر نو اور دیگر ضروری سرکاری امداد کا وعدہ بھی کیا۔
نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ سید عادل حسین شاہ کی قربانی کو ہمیشہ سنہرے الفاظ میں یاد رکھا جائے گا، کیونکہ یہ قربانی ملک اور انسانیت کے تحفظ کی ایک عظیم مثال ہے۔