پولیس اہلکاروں کی جانب سے لڑکی کے اغوا کی کوشش،
گاؤں والوں نے کی پٹائی، پولیس اہلکار گیتے اور رانڈے معطل
تھانے (آفتاب شیخ)
گوا کی سیر پر جانے والے وسئی ٹریفک پولیس کے دو اہلکاروں اور ان کے ساتھیوں نے راستے میں ایک اکیلی لڑکی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی اور اغوا کرنے کی کوشش کی۔ یہ واقعہ 24 ستمبر کو سندھو درگ ضلع کے دیوگڑھ تعلقہ کے جامسندے گاؤں میں پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق، گاؤں والوں نے ان پانچوں افراد کو روک کر زدوکوب کیا اور بعد میں پولیس کے حوالے کر دیا۔ دیوگڑھ پولیس نے تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے اور ان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
وسئی ٹریفک پولیس ڈپارٹمنٹ کے پولیس کانسٹیبل ہریرام ماروتی گیتے (34) اور پروین رانڈے (32) اپنے دیگر ساتھیوں مادھو کندرے (32)، شیم گیتے، شنکر گیتے اور ستوا کندرے کے ہمراہ چھٹی پر تھے اور گوا کی سیر کے لیے نجی گاڑی میں جا رہے تھے۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب 18 سالہ کالج کی طالبہ اپنے گھر جا رہی تھی۔ پولیس اہلکاروں نے اسے اکیلا دیکھ کر چھیڑ چھاڑ شروع کی اور ہریرام گیتے نے اس سے کہا: "کیا تم میرے ساتھ آؤ گی؟ میں تمہیں وسئی گھماتا ہوں۔" گاڑی میں موجود دیگر اہلکاروں نے بھی اس کا مذاق اڑایا اور اس کے ساتھ نازیبا حرکتیں کیں۔
جب لڑکی نے انہیں نظرانداز کیا اور آگے بڑھنے کی کوشش کی، تو پولیس اہلکاروں نے زبردستی اس کا ہاتھ پکڑ کر اسے گاڑی میں ڈالنے کی کوشش کی۔ گاؤں والوں نے یہ سب دیکھ کر فوری طور پر انہیں پکڑ لیا اور دیوگڑھ پولیس کے حوالے کر دیا۔
وسئی میں اس خبر کے پہنچنے پر شدید ردعمل سامنے آیا۔ لوگوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی کہ وہی پولیس جو عوام کی حفاظت پر معمور ہے، خواتین کے ساتھ بدسلوکی میں ملوث پائی گئی۔ میرا بھائیندر وسئی ویرار پولیس کمشنریٹ کے ڈپٹی کمشنر پولیس (ہیڈکوارٹر) سہا س باوچے نے فوری طور پر پولیس اہلکار ہریرام گیتے اور پروین رانڈے کو معطل کر دیا۔ انہیں مہاراشٹر پولیس ایکٹ 1951 اور ممبئی پولیس (ڈسپلن اور اپیل) قواعد 1956 کے تحت معطل کیا گیا ہے۔
گرفتار ملزمان:
1. ہریرام گیتے (35)
2. پروین رانڈے (34)
3. مادھو کندرے
4. شیم گیتے (35)
5. شنکر گیتے (32)
6. ستوا کندرے (32)
ان میں سے دو وسئی ٹریفک پولیس کے اہلکار ہیں، ایک مرکزی صنعتی سیکیورٹی فورس (CISF) کا ملازم ہے، اور ایک ریاستی ریزرو پولیس فورس (SRPF) میں تعینات ہے۔
