اقلیتی کمیشن کے چیئرمین حاجی عرفات نے وقف بورڈ کو کارروائی کا حکم دیا
ممبئی: ’اقلیتی کمیشن آپ کے دروازے پر‘ مہم کے تحت پورے مہاراشٹر کے ہنگامی دورے کے دوران ریاستی وقف بورڈ سے متعلق ملنے والی عوامی شکایتوں کے پیش نظر مہاراشٹر اقلیتی کمیشن کے چیئرمین حاجی عرفات شیخ نے اقلیتی کمیشن کے دفتر میں وقف بورڈ کے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ لی اور وقف بورڈ کی کارکردگی پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پربھنی میں عیدگاہ میدان کو فروخت کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے جس پر کمیشن نے سخت نوٹس لیا ہے اور وقف بورڈ کو کارروائی کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے آخر میں کہا کہ مسجدوں کے رجسٹریشن، وقف کی زمینوں پر غیر قانونی قبضے، وقف کے کام کاج میں سدھار اور شفافیت جیسے اہم موضوع پر 29 دسمبر کو اقلیتی کمیشن کے دفتر میں میٹنگ رکھی گئی ہے جس میں وقف بورڈ کے سی ای او کو بھی حاضر رہنے کا حکم دیا گیا ہے اور اس میٹنگ کے بعد کئی اہم معاملوں کا پر سے پردہ ہٹایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کے کام کاج میں سدھار اور شفافیت لانے کے لئے کمیشن ہر ممکن اقدامات کریگا اور اس سلسلے میں جلد ہی وزیر برائے اقلیتی امور اور وزیر اعلی سے بھی بات چیت کی جائیگی۔

اس موقع پر اقلیتی کمیشن کے چیئرمین حاجی عرفات شیخ نے کہا کہ اقلیتی کمیشن آپ کے دروازے پر مہم کے تحت ہم مہاراشٹر کے دورے پر جہاں جہاں گئے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی سب سے زیادہ شکایتیں وقف بورڈ کے تعلق سے موصول ہو رہی ہیں لہٰذا ان شکایتوں سے متعلق وقف بورڈ کے افسران سے جواب طلب کرنے کے لئے ہم نے یہ میٹنگ رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وقف کے کام کاج میں سدھار لانے اور افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا کام اب مہاراشٹر اقلیتی کمیشن کریگا اور وقف کے لاپرواہ اور غیر زمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن نے پورے مہاراشٹر میں وقف بورڈ کے ذریعے نامزد ممبران، افسران اور عہدیداران کی مکمل رپورٹ طلب کی ہے۔ حاجی عرفات کے مطابق وقف بورڈ میں کام کرنے والے 35 افسران میں سے 25 پیون ہیں جو وقف بورڈ کے افسر کے طور پر کام کر رہے ہیں جس کی وجہ سے وقف بورڈ کی کارکردگی دن بہ دن متاثر ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کے افسران کی لاپرواہی اور غیر زمہ دارانہ رویے سے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں میں ہماری سرکاری اور وزیر اعلی کی شبیہہ خراب ہو رہی ہے جسے قطئ برداشت نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقف بورڈ کے افسران کی تبدیلی اور نئے لوگوں کی تقرری کے لئے کمیشن جلد از جلد سفارش کریگا۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی زمینوں پر ہوئے غیر قانونی قبضوں کو ہٹانے کے لیے افسران کو ہدایت دی گئی ہے۔