دبئی:5نومبر ۔( ایجنسیز) پاکستانی کرکٹ ٹیم نے حالیہ یو اے ای کی سیریز میں آسٹریلیا کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف بھی وائٹ واش مکمل کرکے ٹی ٹوینٹی کرکٹ کی تاریخ کا بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ سرفراز الیون اب ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں 5کلین سویپ مکمل کرنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ پاکستان نے دو مرتبہ یہ کارنامہ عالمی چمپئن ویسٹ انڈیز اور ایک ،ایک مرتبہ آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے خلاف انجام دیا ہے۔پاکستان کے بعد افغانستان نے دوسرے سب سے زیادہ تین کلین سویپ کررکھے ہیں تاہم افغان ٹیم نے یہ کلین سویپ بنگلہ دیش کے علاوہ آئر لینڈ اور متحدہ عرب امارات کی نسبتا کمزور ٹیموں کے خلاف کیے ہیں۔ہندستانی ٹیم مختصر فارمیٹ کے تین یا اس سے زائد میچوں کی سیریز میں یہ کارنامہ سر انجام دے چکی ہے۔اس نے آسٹریلیا اور سری لنکا کو وائٹ واش کررکھا ہے۔پاکستان ،افغانستان اور ہندستان کے علاوہ ا ٓسٹریلیا نے انگلینڈ ، بنگلہ دیش نے آئر لینڈ ، آئرلینڈ نے کینیا ، نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش ، عالمی ٹی ٹوئنٹی چمپئن ویسٹ انڈیز نے افغانستان اور متحدہ عرب امارات نے پاپوا نیو گنی کو ایک ، ایک مرتبہ وائٹ واش کررکھا ہے۔