پاکستان میں افغان مسافروں کے عارضی قیام کے انتظامات

کراچی : پاکستان نے امریکی شہریوں، اتحادیوں اور افغان باشندوں کو ٹرانزٹ سہولیات فراہم کرنے کے لیے ضروری انتظامات شروع کر دیے ہیں۔وائس آف امریکہ کو حاصل دستاویزات کے مطابق اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے نے 20 اگست کو ایک ڈپلومیٹک نوٹ کے ذریعے وزارتِ خارجہ سے چکلالہ کے نور خان ائیربیس پر تین قسم کے مسافروں کے لیے ٹرانزٹ سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔بعدازاں اس درخواست کی منظوری کے بعد پاکستان کے چار شہروں میں مسافروں کے قیام کے انتظامات کیے گئے ہیں۔پاکستانی حکام کے مطابق امریکی سفارتخانے نے ایئرپورٹ سیکیورٹی، جہازوں کی ری فیولنگ، بورڈنگ اور لاجنگ، عملے کو آرام کی سہولت اور طبی امداد کی فراہمی سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔حکام کے مطابق امریکی سفارتخانے نے ٹرانزٹ سہولت کی فراہمی کی مد میں آنے والے اخراجات کی ادائیگی پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے۔پاکستان کے محکمہ خارجہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان کی فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ہونے والے اجلاس میں امریکی سفارت خانے کی درخواست کا جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق مذکورہ اجلاس میں طے پایا تھا کہ امریکہ کی جانب سے افغانستان سے نکالے جانے والے افراد کو 48 گھنٹوں کے لیے ملک میں عارضی قیام کی اجازت دی جائے گی۔بعدازاں وزارتِ خارجہ نے امریکی سفارت خانے کی درخواست پر تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز بشمول سول ایوی ایشن اتھارٹی اور صوبائی انتظامیہ کو فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے تاکہ اس بارے میں ضروری انتظامات کو ممکن بنایا جاسکے۔

Leave a comment