جموں، 5 اکتوبر (یو این آئی) جموں و کشمیر حکومت نے ہفتے کے روز جموں سے نیشنل کانفرنس کے وفد کو پارٹی کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ سے ملنے کی اجازت دے دی جو اس وقت میں نظربند ہیں۔نیشنل کانفرنس کے ترجمان مدن مٹو نے ہفتہ کی دوپہر یہاں کہاکہ صوبائی صدر دیویندر سنگھ رانا اور پارٹی کے سابق اراکین اسمبلی کی قیادت میں وفد اتوار کی صبح جموں سے انڈگو کی پرواز سے روانہ ہو گا‘‘۔
مسٹر مٹو نے کہا کہ حکومت نے جمعرات کی شام این سی کے صوبائی صدر رانا کی درخواست پر انہیں ملنے کی اجازت دیتے ہوئے گورنر ستیہ پال ملک کو یہ اطلاع دی۔
ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر عبداللہ اور مسٹر عمر سے ملنے کا فیصلہ دو دن پہلے جموں صوبے کے سینئر عہدیداروں اور ضلع صدور کی ایک میٹنگ میں لیا گیا تھا۔ جموں میں نیشنل کانفرنس کے لیڈروں پر سے پابندیاں ہٹائے جانے کے فوراً بعد اس میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔جموں و کشمیر کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے سے متعلق دفعہ 370 کو ختم کرنے کی پانچ اگست سے قبل کی شام چار اگست کو ہی ڈاکٹر عبداللہ، مسٹر عمر اور نیشنل کانفرنس کے دیگر رہنماؤں کو وادی کشیر میں نظربند کردیا گیا تھا جبکہ جموں صوبہ میں پارٹی کے اہم رہنماؤں پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ بدھ کو جموں کے لیڈروں پر سے یہ پابندی ہٹالی گئی تھی۔