نئی دہلی: لوک سبھامیں جمعرات کو حکومت کے لئے اس وقت عجیب وغریب صورت حال پیدا ہوگئی جب ایوان کے سینئررکن اور سماج وادی پارٹی کے لیڈر ملائم سنگھ یادو نے کوڈ کو بہتر بنانے کے لئے ترمیمی بل 2019 پر بحث کے دوران اچانک حکومت سے سوال کیا کہ غیر ضروری طور سے پارلیمنٹ کے سیشن کی میعاد بڑھا کر پیسہ کس لئے برباد کررہی ہے۔
ملائم سنگھ یادو نے کہا کہ کوئی بڑا کام التوا میں نہیں ہے اور نہ ہی انہیں کوئی ایسی ضرورت نظر آرہی ہے کہ ایوان کی میعاد میں اضافہ کیا جائے لیکن حکومت بغیر کسی وجہ سے ایوان کا وقت اور پیسہ برباد کررہی ہے اس لئے اسے بتانا چاہئے کہ پارلیمنٹ سیشن کی اصلی وجہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کا سیشن بڑھانا اس وقت غیر ضروری، غیرقانونی اور غلط ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ سیشن کی میعاد بڑھا کر حکومت یقینی طور سے کسی سازش کے تحت سب کا پیسہ اور وقت برباد کررہی ہے۔ اس کے پس پردہ کیا ایجنڈا ہے یہ بتایا جانا چاہئے۔
پارلیمانی معاملوں کے وزیر مملکت ارجن رام میگھوال نے کہا ہے کہ حکومت عوام کے حق میں کام کررہی ہے اور حکومت نے سیشن کی میعاد اپوزیشن کے مطالبہ پر بڑھائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے لوگ سو دن سیشن چلانے کا مطالبہ کرتے ہیں اسی کے تحت یہ اقدام کئے گئے ہیں۔ بعد میں میگھوال کے ساتھ ہی وزیر قانون روی شنکر پرساد اور وزیر برائے خواتین اور فلاح وبہبود اطفال اسمرتی ایرانی نے یاد و کی سیٹ پر جاکر ان سے کچھ بات کی۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
