ناندیڑ کے چوک بازار میں ہولناک آتشزدگی، برتن اور کپڑوں کی دوکانیں خاکستر، لاکھوں کا نقصان(ویڈیو)

ناندیڑ :(ورق تازہ نیوز)شہر کے مصروف ترین چوک بازار علاقے میں گزشتہ شب اچانک آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، جس میں ایک برتنوں کی دوکان اور اس کے اوپر واقع خواتین کے کپڑوں کی دوکان مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئیں۔ یہ افسوسناک حادثہ مکہ مسجد کے روبرو پیش آیا، جس نے دوکان مالکان کو شدید مالی نقصان سے دوچار کر دیا ہے۔موصولہ تفصیلات کے مطابق، رات تقریباً تین بجے کے قریب چوک بازار میں واقع ‘زینت برتن دوکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ نے انتہائی تیزی سے شدت اختیار کی اور دھوئیں کے بادل بلند ہونے لگے۔

دیکھتے ہی دیکھتے آگ کی لپٹیں اوپر کی منزل تک پہنچ گئیں، جہاں ‘نسا کلیکشن نامی لیڈیز ریڈی میڈ کپڑوں کی مشہور دوکان تھی۔ کپڑوں کا ذخیرہ انتہائی آتش گیر ہونے کے سبب آگ نے وہاں تباہ کن شکل اختیار کر لی۔عینی شاہدین کے مطابق، رات کے سناٹے میں اچانک دھواں اور شعلے دیکھ کر مقامی لوگوں میں کھلبلی مچ گئی۔ فوری طور پر فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی، جس کے عملے نے موقع پر پہنچ کر کئی گھنٹوں کی سخت مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔ تاہم تب تک دونوں دوکانیں تقریباً پوری طرح جل چکی تھیں اور اندر موجود قیمتی سامان خاکستر ہو گیا۔زینت برتن دوکان میں موجود قیمتی برتن، اسٹیل اور دیگر اشیاء مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گئیں، جبکہ نسا کلیکشن میں رکھی گئی کپڑوں کی تھوک کھیپ بھی مکمل طور پر راکھ ہو گئی

۔https://www.instagram.com/reel/DMBXmlioIPK/?igsh=MjFrYnE2dDE2Zm15

ویڈیو سے صاف ظاہر ہے کہ کپڑوں کے بنڈل بری طرح جلے ہوئے ہیں اور دکان کی دیواریں، چھت اور دیگر ڈھانچے بھی سیاہ پڑ گئے ہیں۔ابتدائی اندازوں کے مطابق دونوں دوکانوں کو ملا کر لاکھوں روپے کا نقصان ہوا ہے، تاہم حتمی تخمینہ متعلقہ محکموں کی جانچ کے بعد سامنے آئے گا۔ آتشزدگی کی وجہ فی الحال واضح نہیں ہے، مگر ابتدائی شبہ الیکٹریکل شارٹ سرکٹ پر ظاہر کیا جا رہا ہے۔مقامی تاجروں اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فائر سیفٹی کے اصولوں پر سختی سے عمل کرایا جائے اور ایسی حادثات کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ اس واقعے نے چوک بازار کے کاروباری طبقے میں خوف و فکر کی لہر دوڑا دی ہے، اور کئی دوکان دار اپنی دوکانوں کے حفاظتی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لے رہے ہیں۔

اپنی رائے یہاں لکھیں