ناندیڑ:یکم؍ستمبر (حیدرعلی) : شہر کے واگھی روڈ پر واقع سیلاب نگر علاقے میں آج اتوار کی صبح شیخ یونس کی لاش ان کے اپنے گھر کے ہال میں ملی۔ ان کے جسم پر کچھ زخموں کے نشان بھی پائے گئے ہیں۔ پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

ناندیڑ کے واگھی روڈ علاقے کے سیلاب نگر میں محمود فنکشن ہال کےپڑوس میں شیخ یونس شیخ پاشا (عمر45سال) کا گھر ہے۔ ان کی لاش صبح 9 بجے سب سے پہلے ان کے بیٹے نے دیکھی۔ جیسے ہی واقعے کی اطلاع ملی، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ابیناش کمار، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سورج گرو، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کرتیکا سی ایم، اور وزیرآباد پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر پرمیشورکدم، اسسٹنٹ انسپکٹر آر ڈی واٹانے اور دیگر پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔

شیخ یونس شیخ پاشا کی کھڑک پورہ علاقے میں مدینہ ہوٹل ہے۔ جب اس واقعہ کی اطلاع علاقہ میں پھیلی تب وہاں تماشائیوں کی بھیڑ جمع ہو گئی، جس کی وجہ سے پولیس کو اپنے کام میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

شیخ یونس کی موت کی حقیقت کا پتہ لگانے کی ذمہ داری پولیس پر ہے۔ شیخ یونس کےگھر کے آس پاس لگےسی سی ٹی وی کیمروں کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ لیکن شیخ یونس کے گھر میں گھس کر قاتل نے جو قتل کیا ہے وہ یقیناً ایک چیلنج ہے۔