ناندیڑ کے سرپرست وزیر نے جمہوریت کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی

ڈی پی ڈی سی اجلاس میں رام داس کدم کاسلوک قابلِ مذمت: ڈی پی ساونت

ناندیڑ۔30اکتوبر(ورقِ تازہ نیوز) : ڈی پی ڈی سی ےہ ضلع کے ترقیاتی منصوبہ بندی کی ایک اہم کمیٹی ہے اور اس کے ذریعہ سے ضلع کے ترقیاتی کام انجام دیئے جاتے ہیں۔ ڈی پی ڈی سی کے اجلاس مقررہ وقت پر ہونا ضروری ہوتا ہے۔ مگر پچھلے کچھ عرصہ سے سرپرست وزیر رام داس کدم ڈی پی ڈی سی کے لئے وقت نہیں دے رہے تھے۔ گذشتہ کل اجلاس میں انہوں نے بار بار ممبران کو رکنیت منسوخ کرنے کی دھمکی دی۔ لوک شاہی طرز پر ممبران کو اپنی بات رکھنے کا پورا حق حاصل ہے مگر سرپرست وزیر رام داس کدم کی جانب سے جمہوریت کا گلا گھونٹنے کی کوشش ڈی پی ڈی سی کے اجلاس میں کی گئی۔ انہوں نے ممبران کے ساتھ جو سلوک کیا ہے وہ قابلِ مذمت ہے۔ اس طرح کا بیان آج بروز منگل کو سہ پہرناندیڑحلقہ شمال کے رکن اسمبلی ڈی پی ساونت نے کیا۔ کانگریس پارٹی آفس میں منعقدہ پریس کانفرنس میں ڈی پی ساونت نے کہا کہ پچھلے 10سال میں ڈی پی ڈی سی اجلاس میں اس طرح سے کسی سرپرست وزیر نے ممبران کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کیا۔ ڈی پی ڈی سی کے ممبران ضلع پریشد اور میونسپل کارپوریشن کے ممبران کی ووٹنگ سے منتخب شدہ ہوتے ہیں اور اُن کی رکنیت منسوخ کرنے کا سرپرست وزیر کو کوئی اختیار حاصل نہیں۔ سرپرست وزیر نے ۴ ممبران کی رکنیت منسوخ کرنے کا جو اعلان کیا وہ بالکل غلط ہے۔ رام داس کدم ڈی پی ڈی سی اجلاس میں ترقیاتی کاموں کے معاملہ پر تبادلہ خیال کرنے کے بجائے اجلاس کو ختم کرنے کا اعلان کرکے نکل پڑئے۔ اس سے ےہ واضح ہوتا ہے کہ وہ تر قیاتی کاموں کے لئے کتنے فکر مند ہیں۔ ڈی پی ساونت نے کہا کہ رام داس کدم نے گذشتہ کل پریس کانفرنس لے کر کانگریسی ممبران کے خلاف جو الزامات لگائے ہیں وہ جھوٹے ہیں۔ رکن پارلیمنٹ اشوک چوہان کی سالگرہ کے لئے 28 اکتوبر کو اجلاس منعقد کرنے کا کوئی تقاضہ نہیں کیا گیا تھا۔ کانگریس کی سنگھرش یاترا جاری ہے اس کے لئے 28 تاریخ کو اجلاس رکھنے کی اپیل کی گئی تھی۔ ناندیڑ شہر میں دلت بستی کے کاموں میں بھی رخنہ اندازی ڈالنے کا کام سرپرست وزیر کی جانب سے کیا گیا تھا۔ ضلع پریشد کی جانب سے تجویز کردہ کاموں کو منظوری دینے کے معاملہ میں سرپرست وزیر نے جانب دارانہ رویہ اختیار کیا۔ اس کے لئے ڈی پی ڈی سی کے ممبران نے ووٹنگ کرانے کی اپیل کی تھی مگر وہ اُس پر بھی راضی نہیں ہوئے۔ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ ہی شہر و ضلع کی ترقی کی فکر کی اور ترقیاتی کاموں کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ سرپرست وزیر ترقیاتی کاموں کے معاملہ میں سیاست کررہے ہیں۔ اور ناندیڑ ضلع کو زیادہ فنڈ دستیاب نہ ہو اس طرح کی سیاست کی جارہی ہے۔ اس طرح کا الزام ڈی پی ساونت نے لگایا۔ اس پریس کانفرنس میں کانگریس کے ریاستی سکریٹری بی آر کدم‘ ضلع صدر ناگیلی کر‘ میئر بلدیہ شیلا بھورے‘ ڈپٹی میئر ونئے پاٹل‘ ڈی پی ڈی سی کے ممبران باپو گجبھارے‘ منوہر شندے‘ پرکاش بھوسیکر‘ سید شعیب حُسین‘ کانگریس کے ترجمان سنتوش پانڈاگڑے ‘ منتجب الدین ‘ وجئے یونکر موجود تھے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading