ناندیڑ:(ورق تازہ نیوز) پولیس اسٹیشن بھاگیہ نگر حدود میں پیش آئے سنسنی خیز ٹرپل مرڈر کیس میں دو مفرور ملزمان کو آخرکار مقامی جرائم شاخ (LCB) نانڈیڑ نے گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کارروائی پولیس کی منظم حکمتِ عملی اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر انجام دی گئی۔یہ کارروائی اویناش کمار (پولیس سپرنٹنڈنٹ، نانڈیڑ)، ارچنا پاٹل اور سورج گرو کی رہنمائی میں انجام دی گئی، جبکہ مقامی جرائم شاخ کے پولیس انسپکٹر اُدے کھنڈیرائے کی قیادت میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔
پولیس کے مطابق، 4 اپریل 2026 کی رات تقریباً 1:10 سے 1:30 بجے کے درمیان کینال روڈ پر ایک سنیما ہال کے قریب، مقتول پرفل عرف اجیت سنگھ چوہان اپنے دوست کے ساتھ فلم دیکھ کر موٹر سائیکل پر گھر جا رہا تھا۔ اسی دوران پرانی دشمنی کے سبب ملزمان نے اس پر چاقو اور تلوار سے حملہ کر کے قتل کر دیا اور علاقے میں خوف و ہراس پھیلایا۔اس کیس میں پہلے ہی دو ملزمان سونو راؤت اور ساہرے کو گرفتار کیا جا چکا تھا، جبکہ دیگر ملزمان فرار تھے۔ اس کے بعد پولیس کی جانب سے شہر بھر میں کومبنگ آپریشن اور ناکہ بندی کی گئی، جس کے دوران کئی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں بھی کی گئیں۔
تحقیقات کے دوران پولیس کو خفیہ اطلاع ملی، جس کی بنیاد پر پولیس سب انسپکٹر ملند سونکامبلے اور ان کی ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو مفرور ملزمان 1. شیخ شاہ رخ عرف کبوتر شیخ اصغر (29 سال)2. شیخ عبید شیخ اصغر (23 سال) کو 20 اپریل 2026 کو حراست میں لے لیا۔
دورانِ تفتیش دونوں ملزمان نے جرم کا اعتراف کر لیا، جس کے بعد انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس اسٹیشن بھاگیہ نگر کے حوالے کر دیا گیا ہے۔پولیس نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ایک مرکزی ملزم کو فرار رہنے میں مدد فراہم کرنے والے دو افراد کی نشاندہی کی گئی ہے، جن کے خلاف بھی قانونی کارروائی جاری ہے۔اس کامیاب کارروائی پر اویناش کمار نے ٹیم کی ستائش کرتے ہوئے افسران اور اہلکاروں کو مبارکباد پیش کی۔