ناندیڑ :(ورق تازہ نیوز)شہر ناندیڑ میں موسمِ گرما کی شدت بڑھتے ہی بجلی کے ڈپو اور برقی کھمبوں (پول) میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے کے واقعات میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس سے نہ صرف عوام کی جان کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے بلکہ مالی نقصانات بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق دوپہر اور رات کے اوقات میں مختلف علاقوں سے بجلی کے ڈپو اور کھمبوں میں آگ لگنے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
ان واقعات کے نتیجے میں کئی علاقوں میں گھنٹوں تک بجلی کی فراہمی معطل ہو جاتی ہے، جس سے شہریوں کو شدید گرمی میں سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمۂ بجلی کی مبینہ لاپرواہی کے سبب یہ حالات پیدا ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق گرمی کے موسم کے آغاز سے قبل ضروری تھا کہ ایسے ڈپو اور پول، جن پر زیادہ لوڈ ہوتا ہے، ان کی بروقت مرمت اور دیکھ بھال کی جاتی، نیز بوسیدہ سازوسامان کو تبدیل کرنے کے اقدامات کیے جاتے، لیکن اس جانب خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔
شہریوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ وہ باقاعدگی سے اپنے بجلی کے بل وقت پر ادا کر رہے ہیں، جبکہ بقایا رقم رہنے کی صورت میں فوری طور پر کنکشن منقطع کر دیا جاتا ہے، اس کے باوجود عین گرمی کے موسم میں بجلی کی مسلسل بندش اور حادثات ناقابلِ قبول ہیں۔عوام نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کے نظام کی فوری جانچ پڑتال کی جائے، خراب ڈپو اور پول کی مرمت یا تبدیلی عمل میں لائی جائے، اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو محفوظ اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔