ناندیڑ:6جولائی( ورقِ تازہ نیوز)ناندیڑ میونسپل کارپوریشن میں آج دوپہر تین بجے اسٹینڈنگ کمیٹی کے ہال میں عیدالاضحی کے ضمن میں ایک میٹنگ کمشنر ڈاکٹر سنیل لہانے کی صدارت اور ایڈیشنل کمشنر بابا صاحب منوہرے کی خصوصی موجودگی میں منعقد ہوئی۔ کمشنر ڈاکٹرسنیل لہانے نے کہا کہ مذہبی تہواروں کو مناتے ہوئے ہر شخص کو قانون کے وضع کردہ ضابطوں کی پابندی کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان بھائی جوش و خروش کے ساتھ بقر عید منائیں۔
انہوں نے ہدایت دی کہ پلاسٹک کے بیگ کا استعمال نہ کریں بلکہ کپڑے کی تھیلیوں کا استعمال کریں۔ اسی طرح صفائی انسپکٹر کو کچرا وقت پر اُٹھانے کی ہدایت دی۔ بقر عید کے موقع پر مسلمان بڑے پیمانے پر قربانی کرتے ہیں۔ اس کے بعد پیدا ہونے والے فضلے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کی ہدایات بھی دی گئیں۔ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے 10 تا 12 جولائی تک میونسپل حدود میں 10 مقامات پر عارضی مذبحہ خانے قائم کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔اس میٹنگ میں ڈاکٹر کھُنے سکھارام بابو راﺅ ڈپٹی کمشنر، ضلع انیمل ہسبنڈری آفیسر ڈاکٹر اروند گائیکواڑ، کارپوریشن کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر پنجاب راﺅ کھانسوڑے، ڈپٹی کمشنر نلیش سنکیوار، ڈاکٹر رئیس الدین، علیم خان، دُشینت سوناڑے، نمائندہ کارپوریٹر فیروز خان، ضلع انیمل ہسبنڈری آفیسر ضلع پریشد، میونسپل کارپوریشن کے اسسٹنٹ کمشنر، پولیس انسپکٹر، تمام زونل افسران، صفائی انسپکٹر، ہپی کلب کے صدر محمد شعیب و ممبران، علماءکرام کے علاوہ بڑی تعداد میں قریش برداری کے نمائندے موجود تھے۔