ناندیڑ۔15 /فروری ( نامہ نگار ):آئندہ ماہ مارچ میں رمضان المبارک کا آغاز ہو رہا ہے۔ ماہ مقدس کے دوران ناندیڑ شہر کے مسلم اکثریتی علاقوں اور مساجد کے اطراف صاف صفائی اور بنیادی سہولتوں کے لیے کانگریس کے وفد نے میونسپل کمشنر سے ملاقات کر کے انہیں میمورنڈم پیش کیا۔ میمورنڈم میں بتایا گیا کہ آئندہ مارچ میں مقدس رمضان کا مہینہ شروع ہو رہا ہے۔ رمضان کے دوران مسلمان بڑے پیمانے پر روزہ رکھتے ہیں اور عبادتوں میں مصروف رہتے ہیں۔
رمضان کے دوران شہر کی تمام مساجد کے اطراف صبح اور شام دو وقت صفائی کا نظم کیا جائے اسی طرح مسلم علاقوں میں کچرا اٹھانے کے لیے گھنٹہ گاڑی روزآنہ دو وقت صبح او ر شام میں روانہ کی جائے۔ بلدیہ کی جانب سے تمام اسٹریٹ لائٹ کی مرمت کر کے انہیں رمضان سے قبل چالو کیا جائے۔ رمضان کے دوران آبی سربراہی بھی کی جائے۔ رمضان کا مہینہ گرمیوں میں آرہا ہے اس لیے پانی کی قلت کا مسئلہ پیش نہ آئے اس پر بھی توجہ دی جائے۔
کانگریس کے وفد نے ایم ایس ای بی آفس پہنچ کر بجلی کمپنی کے انجینئر کو بھی ایک میمورنڈم پیش کیا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ دیگلورناکہ ، کھڑکپورہ و دیگر بستیوں میں ماہ رمضان کے دوران گرمیوں کے سبب بجلی کے استعمال میں اضافہ ہو جاتا ہے اکثر گرمیوں کے دوران بجلی سربراہی مسدود ہوتی ہے اور ٹرانسفارمر جل جاتے ہیں اس لیے ان علاقوں میں نئے فیڈر قائم کر کے ٹرانسفارمروں کی بھی مرمت کی جائے۔ کانگریس کے وفد نے کلکٹر آفس پہنچ کر تحصیلدار کو ایک میمورنڈم پیش کر کے مطالبہ کیا کے پچھلے سال شدید بارش سے جو لوگ سیلاب متاثرہ قرار دیئے گئے تھے ان کے معاوضہ کی رقم جلد سے جلد ان کے بینک کھاتوں میں جمع کی جائے۔
اس وفد میں سابق ڈپٹی میئر مسعود احمد خان،آنند چوہان، شمیم عبداللہ، عبدالغفار، سابق کارپوریٹر منا عباس حسین، سید شیر علی، بابو بھائی کھوکھے والے، سریش ہٹکر، رحیم احمد خان، عبدالرحیم، رفیق پٹھان، سید شعیب حسین، واجد جاگیردار، عبدالحفیظ باغبان، مہیش دیشمکھ، عبدالطیف، محمد ناصر، منتجب الدین، حبیب مولانا، فاروق بدویل و دیگر موجود تھے۔