ناندیڑ:8جنوری ( ورقِ تازہ نیوز) وزیر آباد پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر پروین آگلاوے کو اطلاع ملی کہ ایک 60 سالہ خاتون گوداوری ندی میں خودکشی کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ جس کے بعد وہ فوری طور پر اپنے ماتحت پولیس ملازمین کے ہمراہ گوداوری ندی کے پاس پہنچ گئے۔ وہاں ایک خاتون انتہائی بے بس حالت میں دکھائی دی۔ اس سے استفسار کرنے پر خاتون نے بتایا کہ وہ گھریلو مسائل کے سبب اپنی زندگی سے بیزا ر ہوچکی ہے اور اپنی جان دینے کے لیے گوداوری ندی کے پاس آئی ہے۔
یہ سن کر پولیس سب انسپکٹر پروین آگلاوے، پولیس عملدار منوج راٹھوڑ اور سنتوش آلورواڑ کو اس خاتون کی حالت پر ترس آیا اور خاتون کو لیکر وزیر آبادپولیس اسٹیشن آئے۔ یہاں پر خاتون کو سمجھانے اور تسلی دینے کے لیے سب انسپکٹر پروین آگلاوے نے اپنی بیوی اور بچوں کو بھی پولیس اسٹیشن بلایا۔اور خاتون کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ تمہاری جو بھی مشکلات ہیں اُسے دور کرنے کے لیے ہم ہر طرح سے آپ کی مدد کرنے کے لیے تیار ہیں۔ آپ کو زندگی سے بیزا ر ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اور اسے تسلی دے کر گھر روانہ کیا گیا۔ اس طرح زندگی سے تنگ آچکی ایک بے بس خاتون کو تسلی دے کر سب انسپکٹر پروین آگلاوے نے خودکشی جیسے اقدام سے باز رکھا۔
اس طرح انسانیت کا برتاؤ کرنے پر ایک خاتون کی جان بچائی۔ ان کے اس اقدام کی ہر طرف ستائش کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ حساس و فرض شناس پولیس سب انسپکٹر پروین آگلاوے نے اس سے قبل بھی انسانیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی افراد کو خودکشی کے اقدام سے باز رکھا ہے۔ جس کی ستائش اعلیٰ پولیس حکام نے کی ہے۔ مئی 2022ءمیں بھی آگلاوے نے ایک نوجوان کو خودکشی کے اقدام سے روکتے ہوئے اُس کے والدین کے حوالے کیا تھا۔ اسی طرح جولائی 2022ءمیں بھنڈارا ضلع کی ایک نابالغ لڑکی کو غلطی سے ناندیڑ آجانے پر اس کے والدین کے حوالے کیا تھا۔