ناندیڑ:8جنوری ( ورقِ تازہ نیوز) اتوار کی صبح ساڑھے چار بجے کے قریب ہنگولی ضلع کے تین تعلقوں میں زلزلوں کے ہلکے جھٹکے آئے ہیں۔ جسے ان تین تعلقوں کے تقریباً 45 گاؤں نے محسوس کیا۔ نیشنل سینٹر فار سسمالوجی نے بھی اس زلزلہ کی شدت 3.6 رشر اسکیل درج کی ہے۔ زلزلے کا یہ جھٹکا ہنگولی ضلع میں آیا ہے تاہم ناندیڑ ضلع میں بھی کچھ دیر کے لیے عوام میں گھبراہٹ پیدا ہوگئی۔ تاہم دو گھنٹے کے بعد ناندیڑ میں زلزلے کی افواہ جھوٹی نکلی، جس کے بعد شہریان نے راحت کی سانس لی۔
اتوار کی صبح ہنگولی ضلع کے بسمت، اونڈھا ناگناتھ اور کلمنوری تعلقہ کے 40 تا 45 گاؤں میں زلزلہ کا ہلکا کا جھٹکا محسوس کیا گیا۔ بسمت تعلقہ کے بوتھی، دانڈے گاؤں، سندگی، بولڈا، آسولا اور اونڈھا ناگناتھ تعلقہ میں پمپڑدری، راج دری، سون واڑی، آمدری، کنجارا، ور، وسئی، جام گوہان، لال دابھا، کاکڑ دابھا وغیرہ گاؤں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے ۔ جس کے بعد مذکورہ تعلقوں کے افراد کے خوف و گھبراہٹ میں گھر کے باہر نکل آئے۔ ان زلزلوں کے جھٹکوں سے کسی بھی قسم کا نقصان نہیں ہوا ہے۔
بسمت، کلمنوری، اونڈھاناگناتھ تعلقوں میں گزشتہ آٹھ تا دس سالوں سے زیر زمین آوازیں محسوس کی جارہی ہیں۔ آج انتہائی ہلکے جھٹکے محسوس ہونے پر ان تعلقوں کی عوام کافی خوف زدہ ہوگئے۔ اس کی اطلاع ملنے پر ناندیڑ میں بھی کچھ دیر کے لیے افواہیں پھیل گئیں اور لوگوں میں خوف پیدا ہوگیا۔ تاہم کچھ ہی دیر کے بعد ناندیڑ میں زلزلہ کی افواہ جھوٹی ثابت ہوئی اور شہریان نے راحت کی سانس لی۔