ناندیڑ:والد کی لاش ندی سے ملی اور معصوم بیٹے کی حادثے میں موت، خاندان ناقابلِ بیان صدمہ کا شکار

ناندیڑ۔ 22 اکتوبر (حیدر علی): ناندیڑ شہر کے اسری نگر میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں اتوار کے دن سے لاپتہ عبدالعظیم کی لاش آج ملی اور اسی دوران ان کے معصوم چار سالہ بیٹے کی ایک حادثے میں دردناک موت ہوگئی۔

عبدالعظیم

عبدالعظیم اتوار کے دن گوداوری ندی میں تیراکی کرنے گئے تھے، لیکن ندی میں پانی کا بہاؤ اچانک بڑھ جانے سے وہ بہہ گئے۔ پچھلے دو دنوں سے ان کی تلاش جاری تھی۔ بالآخر آج صبح ساڑھے نو بجے ان کی لاش تیلنگانہ کے دیوا پور کے قریب پائی گئی۔

لاش ملنے پر گھر میں کہرام مچ گیا، اور اہل خانہ غم کی شدت میں ڈوب گئے۔اسی دوران ایک اور المناک حادثہ پیش آیا جب عبدالعظیم کے چار سالہ بیٹے کو اپنے والد کی آخری دیدار کے لیے لے جایا جا رہا تھا۔ ریتی سے بھرے ایک ٹپر گاڑی نے راستے میں معصوم کو زوردار ٹکر مار دی، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ یہ حادثہ بی اینڈ سی کالونی سے رائل روز فنکشن ہال جانے والے راستے پر پیش آیا۔

حادثے کے بعد معصوم کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے لے جایا گیا، جس سے خاندان کا غم مزید بڑھ گیا۔گھر والوں کے لیے یہ صدمہ کسی بڑے سانحے سے کم نہیں تھا۔

عبدالعظیم کی تدفین بعد نماز ظہر اسر نگر کے قبرستان میں عمل میں آنے والی تھی، لیکن اس سے قبل ہی ان کے چار سالہ بیٹے کی اچانک حادثے میں موت نے پورے خاندان کو گہرے دکھ میں مبتلا کر دیااور علاقے میں غم کا عالم ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading