ناندیڑمیں پہلے خانگی کوویڈ اسپتال کاآغاز

ناندیڑ:13 جولائی( ورق تازہ نیوز) پلازمہ تھئراپی سہولت مفت ہونے کے بعد ناندیڑ کے عوام کےلئے ایک اور خوشخبری یہ ہے کہ کوویڈ 19 سے متاثرہ سنگین مریضوں کو علاج کےلئے اب اورنگ آباد یا دیگر مقام پر جانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے بلکہ ناندیڑ میں ہی انھیں کم خرچ میں اچھی سہولیات کےلئے کوویڈ 19 کے مریضوں کے علاج کی سہولت خانگی اسپتال میں مہیا کروائی گئی ہے۔

ناندیڑ کے بھگوتی ملٹی اسپیشلٹی اسپتال کے ڈایریکٹر انکوش دیوسرکر نے اس کام کا بیڑہ اٹھایا ہے ۔انھوں نے آشا اسپتال کے ساتھ مل کر ناندیڑ‘ لاتور‘ پربھنی اور ہنگولی اضلاع کے مریضوں کو خانگی اسپتال میں علاج مہیا کروانے کی سہولت فراہم کی ہے ۔آشا اسپتال میں بھگوتی کوویڈ سنٹرکا قیام عمل میں لایاگیا ہے جہاں پرچوبیس گھنٹے صرف کوویڈ کے مریضوں کوطبی سہولت فراہم کی جائے گی ۔

نیشنل میڈیکل ریسرچ کانفرنس کی رہنمائی کے مطابق تمام پروٹوکال پرعمل آوری کرتے ہوئے علاج کیاجائے گا ۔اس طرح کی اطلاع ڈاکٹر انکوش نے دی ۔ناندیڑمیں کورونا مریضوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے ۔

کورونا متاثرین کے علاوہ دیگر علامات و بیماریوں کے مریض بھی اپنا علاج ناندیڑمیں کروانے کے بجائے اورنگ آباد‘ممبئی ‘حیدر آباد ودیگر بڑے شہروں کارُخ کررہے ہیں لیکن کچھ مریضوں کووہاں پلنگ دستیاب نہیں ہورہا ہے۔

ناندیڑمیں گزشتہ روز وزیر رابطہ اشوک چوہان کی دختران شری جیا اور سوجیا کے ہاتھوں اس کوویڈ اسپتال کا افتتاح عمل میں آیا ۔