ناندیڑ:27اکتوبر:(ورقِ تازہ نیوز) شہر کے دیگلورناکہ علاقہ پر واقع دو اہم تجارتی ادارو ں قریشیہ ہوٹل اور دہلی سوئٹس کے خلاف بجلی چوری کامقدمہ درج کیاگیا ہے۔ جس سے مہاوترن کا پونے تین لاکھ روپیوں کا نقصان ہوا ہے ۔ناندیڑ دیہی پولس اسٹیشن میں تین مختلف معاملات میں ان2 ادارں کے خلاف مقدمہ کااندراج کیاگیا ہے۔ قدیم شہر کے دیگلورناکہ چوراہے پر مشہور قریشیہ ہوٹل ہے ۔جہاںپربجلی چوری کئی سالوں سے ہورہی تھی جس کا انکشاف ہونے کے بعد مہاوترن کے خصوصی دستے نے بجلی میٹروں کی جانچ کی۔
اس ہوٹل کے بجلی میٹر صارف محمد یونس اور استعمال کنندہ محمد منان قریشی (ہوٹل قریشیہ ) نے مل کر اس ہوٹل کے بجلی میٹر میں چھیڑچھاڑ کی ستمبر2021 سے لے کرآئندہ بارہ ماہ تک ان دونوں نے بجلی کاغیرقانونی طور پر استعمال کیا۔ اس طرح چھ ہزار سے زائد بجلی یونٹس کا استعمال کیاگیا۔جس سے بجلی کمپنی کا ایک لاکھ 30ہزار روپیوں سے زائد کا مالی نقصان ہوا ہے۔
اس معاملے میں مہاوترن کے ڈپٹی ایگرزیکٹیو انجینئر پروین پاٹل نے ناندیڑ دیہی پولس اسٹیشن پہنچ کرراست شکایت درج کروائی۔پولس نے جرم نمبر 742/23کے تحت جرم کااندراج کردیا ہے۔ اسکے علاوہ ہوٹل کے ایک دوسرے میٹر سے بھی بجلی چوری کی گئی۔بجلی گاہک شیخ فرید ‘اوربجلی استعمال کنندہ منان قریشی ولد خواجہ قریشی نے اس میٹر میںبھی چھیڑچھاڑ کی اور جنوری 2021 تا اگست 2021 کے درمیان تین ہزار سے زائدبجلی یونٹس کا استعمال کیا۔
اس طرح بجلی کمپنی کا 71ہزار روپیوں کا نقصان ہوا ہے۔اسی طرح بجلی کمپنی نے دیگلورناکہ چوراہے پرموجود دہلی سوئٹس کےخلاف بھی کاروائی کی ہے۔بجلی میٹر صارف محمدشعیب علی اور بجلی استعمال کنندہ محمدفیصل نے بھی چند روپیوں کی بچت کیلئے سرکاری مشنری کو نقصان پہنچایا۔ یہاںپردو ہزار سے زائدبجلی یونیٹس کی چوری کی گئی ۔
جس سے کمپنی کا 71ہزار200 روپیوں کا نقصان ہوا ۔اس معاملے میںبھی مہاوترن کے ڈپٹی ایگرزیکٹیو انجینئر پروین پاٹل نے ناندیڑ دیہی پولس اسٹیشن پہنچ کرراست شکایت درج کروائی۔