اگر کسی اہل ووٹر کا اابتدائی فہرست میں نام شامل نہ ہو نے پر 17 اگست سے 16 ستمبر کے درمیان ووٹر فارم جمع کرائیں

ناندیڑ: 28 جولائی:(ورق تازہ نیوز) مہاراشٹر میں انتخابی فہرستوں کی خصوصی جامع نظرِ ثانی (Special Intensive Revision – SIR) کا عمل جاری ہے۔ اس کے تحت موجودہ ووٹر فہرست میں شامل تمام ووٹرز کو 8 اگست 2026 تک مردم شماری فارم (Enumeration Form) پُر کرکے اس پر دستخط کرنے کے بعد اپنے علاقے کے پولنگ بوتھ لیول آفیسر (BLO) کو، جو گھر گھر جاکر معلومات جمع کر رہے ہیں، جمع کرانا ہوگا۔

جو ووٹر مقررہ مدت کے اندر فارم جمع کرائیں گے، ان کے نام 17 اگست 2026 کو شائع ہونے والی ابتدائی ووٹر فہرست (Draft Electoral Roll) میں شامل کیے جائیں گے۔اگر کسی اہل ووٹر کا نام ابتدائی فہرست میں شامل نہ ہو یا کوئی نیا ووٹر ہو، تو وہ 17 اگست سے 16 ستمبر 2026 کے درمیان فارم نمبر 6، ضروری دستاویزات اور حلف نامے کے ساتھ جمع کرا سکتا ہے۔ متعلقہ ووٹر رجسٹریشن افسر درخواست کی جانچ کے بعد اہل افراد کے نام حتمی ووٹر فہرست میں شامل کریں گے۔

اسی ایک ماہ کے دوران دعووں اور اعتراضات کی مدت بھی جاری رہے گی۔ اس دوران ووٹر اپنا نام شامل کرانے کے لیے فارم نمبر 6، ووٹر فہرست میں موجود معلومات کی درستگی کے لیے فارم نمبر 8، جبکہ کسی نام کو حذف کرنے کے اعتراض کے لیے فارم نمبر 7 جمع کرا سکتا ہے۔ انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ ووٹر فہرست میں نام شامل کرانے، معلومات میں ترمیم یا نام حذف کرانے کے لیے غلط معلومات یا جھوٹا بیان دینے کی صورت میں عوامی نمائندگی ایکٹ 1950 کی دفعہ 31 کے تحت متعلقہ شخص کو ایک سال تک قید، جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔حتمی ووٹر فہرست 19 اکتوبر 2026 کو جاری کی جائے گی۔

انتظامیہ نے مزید واضح کیا ہے کہ عوامی نمائندگی ایکٹ 1950 کی دفعات 22 اور 23 کے مطابق حتمی ووٹر فہرست جاری ہونے کے بعد بھی اہل افراد فارم نمبر 6 کے ذریعے اپنا نام شامل کرانے یا ووٹر فہرست میں موجود معلومات کی اصلاح کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ ووٹر فہرست کی اصلاح ایک مسلسل عمل (Continuous Updation) ہے، اور دفعہ 23(3) کے مطابق کسی بھی انتخاب کے لیے کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ تک یہ تبدیلیاں کرائی جا سکتی ہیں۔ اس لیے تمام شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس عمل سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی ووٹر رجسٹریشن کو بروقت درست اور مکمل بنائیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading