طلبہ پر کلاشنکوف(اے کے-47 رائفل) تاننے پر بہار پولیس کا اہلکار معطل، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انڈیا میں شور

بہار کے ضلع سیوان میں 25 جولائی کو مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کرنے والے طلبہ کے احتجاج کے دوران پولیس کے ایک کانسٹیبل کی جانب سے طلبہ کے ایک گروہ پر اے کے-47 رائفل تانے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

اس ویڈیو نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور کانگریس کے درمیان سخت لفظی جنگ چھیڑ دی ہے۔ بہار کے سابق نائب وزیرِ اعلیٰ تیجسوی یادیو نے اس واقعے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے، جس میں پولیس نے طلبہ کی طرف اے کے-47 رائفل (کلاشنکوف) کا رُخ کیا۔

اس معاملے پر سیوان کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) پورن جھا نے بی بی سی نیوز ہندی کی نامہ نگار سیتو تیواری کو تصدیق کی ہے کہ بہار پولیس کی سپیشل انویسٹی گیشن ٹیم کے کانسٹیبل ابھیشیک پٹیل کو اس واقعے کے بعد معطل کر دیا گیا ہے۔

ایس پی پورن جھا نے بتایا کہ زخمی ہونے والے تین مظاہرین میں سے ایک کو پولیس کی گولی لگی تھی، جبکہ باقی دو افراد کس طرح زخمی ہوئے، اس کے تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والوں میں سے کسی کو بھی اے کے-47 سے چلائی گئی گولی نہیں لگی۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’اے کے-47 کا رُخ فضا کی طرف تھا اور اس سے چلنے والی گولی جان لیوا ہوتی ہے۔‘

بی بی سی نیوز ہندی کے نامہ نگار سیتو تیواری کے مطابق 25 جولائی کو ہونے والے مظاہرے کے دوران 25 مظاہرین کو گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ زخمی ہونے والے تینوں مظاہرین کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

دریں اثنا بہار پولیس نے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ زخمی ہونے والے تین افراد میں سے ایک کم عمر ہے۔
سی جے پی کی جانب سے 20 جولائی کو نکالی گئی ’پارلیمنٹ چلو‘ ریلی پر پولیس لاٹھی چارج کے بعد یہ تحریک ملک کے کئی حصوں تک پھیل گئی۔

آر جے ڈی کے رہنما تیجسوی یادیو نے سیوان کی وائرل ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے احتجاج کے دوران پولیس قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اے کے-47 کا استعمال کیے جانے کا یہ ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔

لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے کہا کہ پورا نظام ’قاتلانہ انداز میں طلبہ کے خلاف کھڑا ہے۔‘ دوسری جانب بی جے پی نے الزام عائد کیا ہے کہ راہل گاندھی ’مصنوعی احتجاج کھڑا کرنے‘ اور ملک میں بدامنی کی فضا پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading