ممبئی: مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے سی جے پی (CJP) تحریک میں شریک طلبہ کے خلاف درج تمام مقدمات واپس لینے کی ہدایت دیتے ہوئے پولیس کو فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔ حکومت کے مطابق احتجاج میں شامل طلبہ کے خلاف مزید کوئی قانونی کارروائی نہیں کی جائے گی اور پہلے سے درج مقدمات بھی واپس لیے جائیں گے۔
یہ فیصلہ قومی سطح پر جاری طلبہ تحریک اور حالیہ مذاکرات کے بعد سامنے آیا، جس میں امتحانی نظام میں اصلاحات، طلبہ کے خلاف مقدمات کی واپسی اور دیگر مطالبات پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے بعد سی جے پی نے اپنا احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا۔
وزیرِ اعلیٰ فڑنویس نے پولیس حکام کو ہدایت دی ہے کہ مقدمات کی واپسی کا عمل فوری طور پر مکمل کیا جائے اور اس سلسلے میں تمام ضروری قانونی کارروائی جلد انجام دی جائے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ طلبہ کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ ان کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ مواقع متاثر نہ ہوں۔