ناندیڑ:19اپریل (ورق تازہ نیوز) لوک سبھا انتخابات کے لیے کل ناندیڑ حلقے لوک سبھا میں ریکارڈ رائے دہی عمل میں آئی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق 65.15 فیصد ووٹرز نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا جو سال گزشتہ کی بہ نسبت تقریبا پانچ فیصد زائد ہے ۔ناندیڑحلقہ لوک سبھا کے تقریبا 42 مقامات پر شام 6 بجے کے بعد بھی رائے دہی ہوتی رہی حالانکہ الیکشن کمیشن نے رائے دہی کا آخری وقت شام 6 بجے تک مقرر کیا تھا لیکن شام پانچ بجے کے بعد ووٹرز بڑی تعداد میں رائے دہی مراکز پر پہنچ رہے تھے جس کی وجہ سے شام 6 بجے کے بعد بھی ووٹنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ ان 42 مقامات پر شام تقریبا ساڑھے سات بجے تک ووٹنگ کا عمل مکمل ہوا جس میں بنگلوراسمبلی حلقہ کے 13 مراکز‘ مکھیڑ میں 7 ‘بھوکر10‘نائیگاوںں 7‘ناندیڑشمال 3اور ناندیڑجنوب میں 2اس طرح کُل 42مقامات رائے دہی دیر گئے تک جاری رہی ۔ جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ناندیڑ حلقہ میں بڑے پیمانے پر ووٹرز نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا ہے۔ عموماً یہ دیکھا جاتا ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں پچاس تا55 فیصد ہی رائے دہی عمل میں آتی ہے لیکن گزشتہ چند سالوں سے ضلعی انتظامیہ نے بھی رائے دہندگان میں شعور بیداری مہم کے ذریعے انھیں ووٹ دینے کی ترغیب کیلئے خصوصی توجہ دلوائی ۔ اس کی وجہ سے ہر مرتبہ رائے دہی کے تناسب میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جو ہندوستانی جمہوریت کیلئے کافی سود مند ہے ۔