ناندیڑ:7؍جنوری(ورقِ تازہ نیوز)شہر کے آنند نگر، وسنت نگر علاقہ میں گھر کے سامنے رکھی ہوئی آٹھ فوروہیلر گاڑیوں پر حملہ کرتے ہوئے اُن کے شیشے توڑ دیئے گئے۔ اتوار کی علی الصبح یہ واردات پیش آئی۔ جس میں دو تا تین لاکھ روپئے کا نقصان ہوا ہے۔ دریں اثناء ملزمین کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ قبل ازیں ایئرپورٹ پولیس اسٹیشن کے حدود میں ہنومان گڑھ علاقہ میں بھی اس طرح کی واردات میں گھر کے سامنے رکھی ہوئی 15 فوروہیلر گاڑیوں کے شیشے پھوڑ دیئے گئے تھے۔
جس کی وجہہ سے فوروہیلر گاڑی مالکان میں خوف کا اظہار کیا جارہا ہے۔ شہر کے شیواجی نگر پولیس اسٹیشن کے حدود میں آنند نگر، وسنت نگر علاقہ کے ساکنان معمول کی طرح اپنے گھر کے سامنے فوروہیلر گاڑیاں سنیچر کی رات کھڑی کیے۔ اتوار کی علی الصبح ان گاڑیوں میں سے تقریباً آٹھ گاڑیوں پر حملہ کرتے ہوئے اُس کے شیشے نامعلوم ملزم نے توڑدیئے۔
اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی شیواجی نگر پولیس اسٹیشن کے پولیس ملازمین نے یہاں پہنچ کر معائنہ کیا۔ اس موقع پر صبح کے وقت ٹووہیلر پر آئے ہوئے دو افراد نے گھر کے سامنے رکھی ہوئی گاڑیوں کے شیشوں پر سنگ باری کرتے ہوئے شیشے پھوڑ دیئے، اس طرح کی بات یہاں کے ایک ساکن نے بتائی۔ نامعلوم ملزمین کی سنگ باری میں تقریباً آٹھ گاڑیوں کے شیشے پھوٹ گئے ہیں۔ جس میں دو تا تین لاکھ روپئے کا نقصان ہوا ہے۔ اس معاملہ میں وسنت نگر کے ساکن سنتوش سداشیو کدم ( 20 سال) کی دی گئی شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ قبل ازیں بھی بالکل ایسی ہی ایک واردات میں نامعلوم شخص نے سنگ باری کرتے ہوئے ایئرپورٹ پولیس اسٹیشن کے حدود میں ہنومان گڑھ علاقہ میں گاڑیوں کے شیشے پھوڑ دیئے تھے۔ جس کے بعد شیواجی نگر کے حدود میں ایک مرتبہ پھر ایسی واردات پیش آئی ہے، جس سے علاقہ کے ساکنان میں خوف و ہراس پایا جارہا ہے۔