ناندیڑ:ایک ماہ بعد پیربرہان نگر سے تمام پابندیاں ہٹالی گئیں

ناندیڑ:23 مئی ۔(ورق تازہ نیوز)ایک ماہ بعد شہر کے مسلم اکثریتی علاقے پیربرہان نگر سے کنٹینمنٹ زون کے تھت عائد تمام پابندیاں ہٹالی گئی ہیں جس سے یہاں مسلمانوں میں اطمینان کااور خوشی کااظہار کیاجارہا ہے ۔ کیونکہ عیدالفطر کےلئے صرف ایک دن باقی ہے ۔اب یہاں کے ساکنان خوشی اورسکون کے ساتھ مگر سادگی سے عید منائیںگے ۔پیربرہان نگر میں22اپریل کو ایک 64سالہ شخص کرونا مرض میں مبتلا پایاگیااسے سرکاری اسپتال میںشریک کیا گیا تھا لیکن اس کی موت ہوگئی تھی یہ شخص چونکہ معمر اورکئی بیماریوں میں مبتلا تھ اسلئے وہ زندگی سے لڑائی ہارگیاتھا ۔

اس سانحہ کے بعد ضلع انتظامیہ نے پیربرہان نگر کو کنٹیمنٹ زون قراردے کر اس کوچاروں طرف سے سل کردیاتھا۔چنانچہ ساکنان یہاںسے شہر کے دیگر علاقوں میں نہیں جارہے تھے اور روزمرہ کے استعمال میں آنیوالی اشیاءکوخریدنے سے قاصرتھے ۔ایک ماہ تک گھروں میں بے کار بیٹھے رہنے کی وجہ سے لوگ اکتاہٹ اور بوریت محسوس کررہے تھے ۔ ضلع انتظامیہ کا کہناتھا کہ اگرکوئی علاقہ کنٹیمنٹ زون قرار دیا جاتا ہے تو اسے 28 دن کےلئے سیل کردیاجاتا ہے ۔حالانکہ اس دوران سیاسی افراد نے ضلع کلکٹر سے پابندیاں ہٹانے کےلئے باربار نمائندگی بھی کی تھی ۔لیکن مرکزی اورریاستی حکومت کے احکامات کے باعث ضلع انتظامیہ پابندی ہٹانے سے قاصر تھا ۔ لیکن آج 23مئی کو ایک ماہ بعدتمام پابندیاں ہٹادی گئی ہیں ۔ ویسے ناندیڑضلع میں کچھ دوکانوں اور کاروبار کوچھوڑ کر سبھی کو صبح نوتاشام پانچ بجے تک کھول دیا گیا ہے ۔آٹورکشہ بھی چلنے لگے ہیں اسلئے ضلع کی زندگی آہستہ آہستہ پٹری پر آنے لگی ہے ۔