’میزائل گرنے کے بعد ایسا محسوس ہوا جیسے آسمان سُرخ ہو گیا، پاکستان کے عوام کا ردعمل

میں اپنی چھت پر لیٹا ہوا تھا۔ جب دو میزائل آئے اور ہمارے اُوپر سے گزرے۔ دیکھتے ہی دیکھتے ایک میزائل زمین سے ٹکرایا اور اس کے بعد ایک منٹ کے لیے پورے علاقے میں لائٹ چلی گئی۔ پھر بجلی بحال ہوئی تو دوسرا میزائل بھی گر گیا۔ بہت شور تھا اس کا، میزائل گرنے کے بعد ایسا محسوس ہوا جیسے آسمان کا رنگ سُرخ ہو گیا۔‘

’اس کے بعد ایسے ہی تقریباً چار حملے ہوئے۔ میزائل مسجد مرکز طیبہ پر آ کر گرے۔ لوگ باہر نکلے اور مسجد کی طرف بھاگے کہ دیکھیں کیا ہو۔ بعد میں پتا چلا کہ انڈیا نے حملہ کر دیا ہے۔‘

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر مریدکے سے متصل گاؤں ننگل ساھداں کے رہائشی عاطف انڈیا کی جانب سے پاکستان پر کیے گیے حملے کے عینی شاہدین میں سے ایک ہیں۔انڈین فوج کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب انڈیا نے پاکستان اور اس کے زیر انتظام کشمیر میں ’آپریشن سندور‘ کے تحت متعدد مقامات پر ’دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر‘ حملے کیے ہیں۔ تاہم پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ اِن حملوں میں عام شہریوں اور مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے جس میں بچوں اور خواتین سمیت آٹھ عام شہری ہلاک اور 35 زخمی ہوئے ہیں جبکہ دو افراد لاپتہ ہیں۔

پاکستانی فوج اور حکومت کے مطابق جوابی کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی فضائیہ نے متعدد انڈین طیاروں کو نشانہ بنایا ہے۔خیال رہے مریدکے میں قائم ’مرکز طیبہ‘ پاکستانی حکومت کے کنٹرول میں ہے، جہاں سکول، کالج اور مدرسے موجود ہیں۔

پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ اب تک کی معلومات کے مطابق انڈیا نے پاکستان اور اس کے زیر انتظام کشمیر میں چھ مقامات پر مجموعی طور پر 24 حملے کیے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ان حملوں میں صوبہ پنجاب کے شہروں احمدپور شرقیہ، مریدکے، سیالکوٹ اور شکرگڑھ جبکہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں کوٹلی اور مظفرآباد کو نشانہ بنایا گیا ہے۔بی بی سی نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور پنجاب کے علاقے مریدکے میں حملے کے عینی شاہدین سے بات کی ہے۔

عاطف نے بی بی سی کو بتایا کہ ’میزائل مرکز طیبہ کی مین مسجد پر آ کر گرے۔ اندر کوئی لوگ نہیں تھے سوائے ایک بزرگ آدمی کے۔‘

تو کیا اس حملے کے وقت یہاں کوئی موجود نہیں تھا؟

بی بی سی کے سوال کے جواب میں عاطف نے بتایا کہ ’جب ایک ہفتے پہلے پتا چلا تھا کہ اس جگہ حملہ ہو سکتا ہے تو لوگ یہاں سے اپنے گھروں کو چلے گئے اور یہ جگہ خالی ہو گئی تھی۔‘

’پہلے تو عام لوگ یہاں اندر جاتے تھے، کھانا بھی ملتا تھا تاہم یہاں اب تو کوئی نہیں جا سکتا۔ یہاں لوگوں کی رہائش بھی تھی اندر لیکن جب سے مسئلہ بنا تو لوگوں نے خالی کر دیا۔‘

دوسری جانب حسن نامی عینی شاہد نے بی بی سی کو بتایا کہ اس جگہ مدرسہ بھی تھا اور ہسپتال بھی اور سکول بھی۔

’عشا کے وقت مسجدوں میں اعلان ہوا تھا کہ کل سے تمام سکول کھل جائیں گے، سب نے سکول آنا ہے مگر پھر رات 12 بج کر 35 منٹ پر دھماکہ ہوا۔‘

انھوں نے واقعےکے حوالے سے بتایا کہ ’ہم چھت پر سوئے ہوئے تھے۔ کل چار میزائل آئے۔ پہلا میزائل تو بہت زوردار آواز سے آئے۔ تین مرکز میں گرے ایک اس کے ساتھ گرا ہے۔ اس سے پہلے کوئی آواز نہیں تھی۔ میزائل شوں کر کے چھت پر سے گزرا۔‘

بی بی سی کے سوال پر انھوں نے بتایا کہ یہ جگہ مریدکے سے دو، تین کلومیٹر دور ہے، دھماکے کے بعد بہت افرا تفری ہو گئی تھی، لوگ گھروں سے باہر آ گئے تھے۔ پھر کچھ لوگوں نے گھروں کو خالی کر کے مرید کے کی طرف چلے گئے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں