انڈیا نے پہلگام حملے کے تناظر میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب پاکستان اور اس کے زیر انتظام کشمیر کے مختلف مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔
پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ اب تک کی معلومات کے مطابق انڈیا نے چھ مقامات پر مجموعی طور پر 24 حملے کیے ہیں۔ پاکستانی حکام کے مطابق اِن حملوں میں آٹھ عام شہری ہلاک اور 35 زخمی ہوئے ہیں۔
انڈین حکومت کا دعویٰ ہے کہ اس نے ’آپریشن سندور‘ کے تحت پہلگام حملے کے بعد پاکستان اور اس کے زیرِ انتظام کشمیر میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ اس کا دعویٰ ہے کہ ان حملوں میں عام شہریوں یا فوجی تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔
پاکستانی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ انڈیا کے میزائل حملوں کے بعد جوابی کارروائی میں پاکستان نے انڈین فضائیہ کے دو جنگی طیارے اور ایک ڈرون مار گرایا جبکہ پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی فضائیہ نے پانچ انڈین طیارے مار گرائے جبکہ متعدد یو اے ویز کو بھی تباہ کیا گیا تاہم انڈین فضائیہ کی جانب سے تاحال ان دعووں پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
پاکستان نے کہا ہے کہ وہ اپنی مرضی کی جگہ اور وقت پر اس جارحیت کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
قبلآپریشن سندور پہلگام میں ہمارے معصوم بھائیوں کے وحشیانہ قتل کا جواب ہے: انڈین وزیر داخلہ
انڈیا کے وزیرِ داخلہ امت شاہ کا کہنا ہے کہ آپریشن سندور پہلگام میں ہمارے معصوم بھائیوں کے وحشیانہ قتل کا جواب ہے۔
اپنے ایکس اکاؤنٹ پر جاری ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت انڈیا اور اس کے لوگوں پر کسی بھی قسم کے حملے کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انڈیا دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔یاد رہے کہ 22 اپریل کو انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں حملے میں 26 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔