مہنگائی کے خلاف این سی پی شرد چندر پوار پارٹی کا زوردار احتجاج دو پہیہ گاڑیاں الٹ کر انوکھا مظاہرہ، عوام پر مہنگائی کا بوجھ ناقا بلِ برداشت: ڈاکٹر جتندر آوہاڈ

مہنگائی کے خلاف این سی پی شرد چندر پوار پارٹی کا زوردار احتجاج

دو پہیہ گاڑیاں الٹ کر انوکھا مظاہرہ، عوام پر مہنگائی کا بوجھ ناقابلِ برداشت: ڈاکٹر جتندر آوہاڈ

تھانے (آفتاب شیخ)

ریاست اور مرکز کی حکومتیں مہنگائی پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں۔ خوردنی تیل، گیس سلنڈر، ایندھن، اناج اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، جس کے خلاف راشٹروادی کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار گروپ) کی جانب سے تھانے کلکٹر کے دفتر کے روبرو انوکھے انداز میں زبردست احتجاج کیا گیا۔ احتجاج پارٹی کے سابق کابینی وزیر و قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹر جتیندر اوہاڈ کے حکم پر ان کی اہلیہ و این سی پی لیڈر رتا اوہاڈ کی قیادت میں کیا گیا، جن کے ساتھ شہر کے صدر سہاس دیسائی، کارگزار صدر پرکاش پاٹل، شعبہ خواتین صدر سجاتا گھاگ، یوتھ ونگ صدر وکرم کھامکر، ترجمان رچنا وید اور دیگر ذمہ داران و کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔

احتجاج کے دوران دو پہیہ گاڑیاں الٹ کر مہنگائی کے خلاف انوکھا مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کرتے ہوئے کہا: "گاڑیاں لے لو..! سائیکلیں دو!"، "مہنگائی کیوں..! غداروں کی سہولت کے لیے؟"، "ایم ایل اے کی خریداری کے لیے مہنگائی!"، "حکومت کے کھاتے میں پٹرول کی دلالی!"، اور "مہنگائی جادوگرنی بن گئی!"

اس موقع پر ڈاکٹر جتیندر اوہاد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "اس ملک کی معیشت زبوں حالی کا شکار ہے، حکومت کی پالیسیوں میں سنجیدگی کا فقدان ہے۔ مہنگائی کم کرنے کے لیے کوئی مؤثر پالیسی نہیں بنائی گئی ہے۔ ملک کے کسان، مزدور اور متوسط طبقہ بدترین حالات سے دوچار ہیں، اور حکومت صرف خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔"

شہر کے صدر سہاس دیسائی نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتیں کم ترین سطح پر ہیں، اس کے باوجود حکومت پٹرول و ڈیزل کی قیمتیں کم کرنے کے بجائے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہی ہے۔ ریاستی ترجمان رچنا ویدیا نے الزام لگایا کہ "یہ حکومت ‘نوٹ فار ووٹ’ کے اصول پر چل رہی ہے۔ خواتین کے ووٹ خریدے گئے، عوام کو مہنگائی کے دلدل میں دھکیلا جا رہا ہے۔"

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج کا احتجاج صرف شروعات ہے، آئندہ دنوں میں یہ تحریک مزید شدت اختیار کرے گی اور عوام کے حق میں آواز بلند کی جاتی رہے گی۔

احتجاج میں بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان، خواتین، نوجوان اور سینئر لیڈران شامل تھے جن میں مرضیہ پٹھان، پربھاکر سنگھ، سریندر اپادھیائے، کیلاش ہولے، راجو چپلے، مادھوری سونار، پوجا خان، سونالی کدم، ریشما بھانوشالی، لتا تائی کاکا پٹیل، سچیتا پوار، اور اجیت مورے سمیت دیگر شامل تھے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں