ناندیڑ:28فروری۔(ورق تازہ نیوز) ریاستی حکومت نے تمام سرکاری دفاتر میں پلاسٹک کی بوتلوں کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے ۔ ریاستی حکومت نے تمام میونسپل کارپوریشنوں کو سرکولر جاری کردیا ہے ۔چنانچہ ناندیڑ شہر کارپوریشن کے حکام نے بھی کاررپوریشن کے تمام محکموں کو تحریری طور پر ہدایت جاری کی ہیں کہ وہ یکم مارچ سے اپنے دفاترمیں پلاسٹک کی بوتلوں کے استعمال کو بند کر دیں۔
کسی بھی دفتر یا محکمہ کے اجلاس‘ ٹریننگ ورکشاپ وغیرہ میں پلاسٹک کی بوتلوں کے استعمال کرنے پر محکمے میں افسراعلی کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔مہاراشٹر کچرا کنٹرول اصول میں درج ہدایات کے مطابق جرمانے کی کاروائی کی جائے گی۔ پینے کے پانی کی PET یا PETE بوتلوں پر ریاستی حکومت نے پابندی عائد کی ہے چنانچہ اس طرح کی بوتلوں کو روزمرہ کے دفتری کام کاج میں استعمال کرنا اصول کی خلاف ورزی سمجھی جائے گی۔ان بوتلوں سے کچرے کے مسائل پیدا ہونے لگے ہیں اس لیے ان بوتلوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
ناندیڑ کارپوریشن کے محکمہ کے افسر اعلی نے ایک مکتوب کے ذریعے تمام ملازمین و افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ اسٹیل کے گھڑے ‘ گلاس اور جگ کا استعمال کریں ۔یاد رہے کہ ریاستی حکومت نے پلاسٹیک اور پانی پالی تھین وغیرہ کیری بیگ کے استعمال پر پہلے ہی پابندی عائد کر دی ہے ہے لیکن اب بھی سرکاری دفاتر اور خانگی دکانوں میں بھی ان کا استعمال ہو رہا ہے۔