پونے، 28 مئی۔ (ورق تازہ نیوز)ریاست مہاراشٹر میں رواں برس عیدالاضحی 7 جون 2025 کو منائی جائے گی اس اہم موقع پر جانوروں کی قربانی کا سلسلہ بڑے پیمانے پر کیا جاتا ہے، تاہم ریاستی حکومت نے مہاراشٹر پشو سنرکشن ادینیم 1995 (مہاراشٹر جانوروں کے تحفظ کا قانون) کی یاد دہانی کرواتے ہوئے شہریوں اور انتظامیہ کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
مہاراشٹر گو سیوا آیوگ، پونے کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، 4 مارچ 2015 سے ترمیم شدہ اس قانون کے تحت ریاست میں مکمل طور پر گائے نسل (گو ونش) کے ذبیحے پر پابندی عائد ہے۔ قانون کے تحت نہ صرف گائے کا ذبیحہ، بلکہ ذبیحے کے لیے ان کی خرید و فروخت، نقل و حمل، ایکسپورٹ، گوشت کی ذخیرہ اندوزی، یا دیگر ریاستوں سے گوشت لانا بھی سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
اس ضمن میں کمیشن کی جانب سے 3 جون تا 8 جون 2025 کے دوران ریاست کے تمام اضلاع کے افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس مدت میں مویشی بازاروں کے قیام کی اجازت نہ دیں، تاکہ کسی بھی قسم کی غیرقانونی سرگرمی، خصوصاً گائے کے ذبیحے جیسے معاملات سے بچا جا سکے۔
انتظامیہ سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ مکمل طور پر الرٹ رہ کر اس قانون کی سختی سے عمل آوری کو یقینی بنائیں گے، تاکہ ریاست میں امن و امان قائم رہے اور کوئی بھی شخص قانون کی خلاف ورزی نہ کرے۔
