ممبئی:4؍جنوری:(ورق تازہ نیوز)ریاست مہاراشٹرمیںکل شب بارہ بجے سے محکمہ بجلی سپلائی کمپنی کے ملازمین نے ریاست گیر ہڑتال کاآغاز کردیاتھا لیکن آج سہ پہر نجکاری کے خلاف شروع کی گئی مہاوترن ملازمین کی ہڑتال کوواپس لے لیاگیاہے۔ ہڑتال کرنے والوں کے ایک وفد کی نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کے ساتھ ملاقات کے بعد ہڑتال ختم کر دی ہے۔
اس ہڑتال میں کل 32 ملازمین یونینیں شامل ہوئیں۔فڑنویس نے کہا کہ ان تمام تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ مثبت بات چیت ہوئی ہے۔فرنویس نے بتایاکہ کل رات سے ہماری تینوں بجلی کمپنیوں کے ملازمین نے کچھ مطالبات کے حوالے سے ہڑتال شروع کر رکھی تھی۔اس میں کنٹریکٹ ورکرز یونین بھی شامل تھی۔اس موقع پر تین چار معاملات پر انتہائی مثبت گفتگو ہوئی۔
انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت ان کمپنیوں کی نجکاری نہیں چاہتی۔اس کے برعکس ریاستی حکومت خود ان تین کمپنیوں میں اگلے تین سالوں میں 50 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کرنے والی ہے۔جس کی وجہ سے اپنے اثاثے کسی کو دینے یا اس طرح پرائیویٹائز کرنے کا کوئی خیال نہیں۔نائب وزیر اعلیٰ فڑنویس نے پریس کانفرنس میں یہ بھی بتایا کہ عمر کی حد بڑھا کر ملازمین کی بھرتی کی جائے گی۔