ممبئی۔کورونا وائرس کا قہر بڑھتا ہی جارہا ہے ۔ ملک میں اب تک 2300 سے زیادہ معاملات سامنے آچکے ہیں اور 56 لوگ اپنی جان گنوا چکے ہیں ۔ اب سی آئی ایس ایف کے جوان بھی اس کی زد میں آگئے ہیں ۔ ممبئی ائیر پورٹ پر تعینات سی آئی ایس ایف کے گیارہ جوانوں کی کورونا وائرس ٹیسٹ رپورٹ بھی مثبت آئی ہے ۔ ان گیارہ میں سے چار کی رپورٹ جمعرات کو مثبت آئی تھی اور دیگر کی رپورٹ آج مثبت آئی ہے ۔ گزشتہ کچھ دنوں سے 142 لوگوں کو کورنٹائن میں رکھا گیا ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی اجیت پوار نے جمعہ کو اعلان کیا کہ اگر ڈیوٹی پر رہتے ہوئے کورونا وائرس کی وجہ سے کسی پولیس اہلکار کی موت ہوجاتی ہے تو حکومت ان پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کو پچاس لاکھ روپے کی رقم دے گی ۔
اجیت پوار نے ممبئی میں ایک میٹنگ کی صدارت کرنے کے بعد یہ اعلان کیا ۔ اس میٹنگ میں وزیر داخلہ انل دیشمکھ اور وزیر صحت راجیش ٹوپے کے علاوہ سینئر افسران شامل ہوئے ۔ بیان کے مطابق یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں سب سے آگے کھڑے پولیس ، پبلک ہیلتھ ، میڈیکل ایجوکیشن اور دیگر محکموں کو ترجیحی بنیاد پر ان کی باقی تنخواہ کی ادائیگی کی جائے گی ۔