ملک میں سیلاب کی ہولناکی سے راہل گاندھی فکر مند، کانگریس کارکنان سے کی مدد کی اپیل

زبردست بارش کی وجہ سے آسام اور بہار کے کئی اضلاع ڈوب گئے ہیں۔ حالات کی ہولناکی کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ درجنوں لوگ ہلاک ہو گئے ہیں اور تقریباً 50 لاکھ لوگ بری طرح متاثر ہیں۔ اس درمیان کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اپنے کارکنان سے راحت اور بچاؤ کام میں ہاتھ بنٹانے کی اپیل کی ہے۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کر کہا کہ ’’آسام، بہار، اتر پردیش، تریپورہ اور میزورم میں سیلاب سے حالات بے قابو ہو گئے ہیں۔ معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’میں ان سبھی ریاستوں کے کانگریس کارکنان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ عام لوگوں کی راحت اور بچاؤ کام میں فوری طور پر سرگرم ہوں۔‘‘


بہار میں سیلاب کی صورت حال

بہار میں سیلاب کا قہر لگاتار جاری ہے۔ اس کی وجہ سے اب تک بہار میں 20 سے زائد لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ بہار کے 12 اضلاع سیلاب سے متاثر ہیں جب کہ 19 لاکھ سے زیادہ لوگ اس کی وجہ سے گھر چھوڑ کر کسی دوسری جگہ منتقل ہو گئے ہیں۔

بہار کے جن علاقوں میں سیلاب کا سب سے زیادہ اثر ہے ان میں ارریہ، کشن گنج، سپول، دربھنگہ، شیوہر، سیتامڑھی، مشرقی چمپارن، مدھوبنی، مظفر پور ضلع شامل ہیں۔ سرکاری رپورٹ کے مطابق ریاست کے 55 ڈویژن کے 352 پنچایت میں 18 لاکھ سے زائد لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔

آسام میں سیلاب کے سبب ریڈ الرٹ

آسام حکومت نے پیر کے روز ریاست میں زبردست سیلاب کی وجہ سے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ آسام کے 33 میں سے 30 اضلاع کے تقریباً 43 لاکھ لوگ سیلاب سے نبرد آزما ہیں۔ گزشتہ دو دنوں میں ریاست میں 15 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔

تریپورہ اور میزورم میں بھی حالات خراب

تریپورہ اور میزورم کے نشیبی علاقوں اور گاؤں میں بارش کے سبب آئے سیلاب سے متاثر 15 ہزار سے زیادہ لوگوں کو راحتی کیمپوں اور دیگر محفوظ مقامات پر بھیج دیا گیا ہے۔ بارش اور زمین کھسکنے کے سبب تریپورہ اور میزورم کا ملک کے باقی حصے سے ریل رابطہ ٹوٹ گیا ہے۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading