معذوروں کے حقوق پر ڈاکا : ٹھیکیدار کی من مانی کے خلاف 2 جون سے آزاد میدان میں دھرنا
تھانے: (آفتاب شیخ)
معذور افراد کو خود کفیل بنانے کے لیے شروع کی گئی سرکاری اسکیم اب بدعنوانی اور بے ضابطگیوں کی نذر ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ ماحول دوست ای-گاڑیوں کی تقسیم کے نام پر معذوروں کے ساتھ دھوکہ کیا جا رہا ہے۔ اس ناانصافی اور استحصال کے خلاف اب آل انڈیا دیویانگ سینا نے علمِ احتجاج بلند کیا ہے۔ تنظیم کے چیف کنوینر محمد یوسف محمد فاروق خان کی قیادت میں 2 جون سے ممبئی کے آزاد میدان میں غیر معینہ مدت کا دھرنا شروع کیا جائے گا۔
انسانی حقوق کمیشن کی ہدایت پر 12 دسمبر 2023 سے اس اسکیم پر عمل درآمد شروع کیا گیا تھا، جس کا مقصد معذور بے روزگار افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا تھا۔ اس کے لیے آن لائن درخواستیں طلب کی گئیں اور "میک آٹو انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ" نامی کمپنی کو 24 کروڑ 87 لاکھ روپے کا ٹھیکہ دے کر گاڑیاں فراہم کرنے کی ذمہ داری دی گئی۔ تاہم، نہ تو معذوروں کو کوئی واضح رہنما خطوط دیے گئے اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ وہ شہری علاقوں میں ان گاڑیوں کے ذریعے کاروبار کر سکتے ہیں یا نہیں۔
اب صورتحال یہ ہے کہ مذکورہ کمپنی معذوروں سے 100 روپے کے اسٹامپ پیپر پر زبردستی یہ بیان دستخط کروا رہی ہے کہ وہ ایم ایم آر ڈی اے حدود یعنی شہری علاقوں میں کاروبار نہیں کریں گے۔ اس شرط نے معذوروں کے لیے روزگار کے دروازے بند کر دیے ہیں کیونکہ دیہی علاقوں میں ان گاڑیوں کے ذریعے کاروبار کرنا نہ صرف مشکل بلکہ ناممکن ہے۔
مزید برآں، فراہم کردہ گاڑیوں کا معیار بھی انتہائی ناقص ہے۔ گاڑیوں کی بیٹری محض دو سے پانچ کلومیٹر چلنے کے بعد ختم ہو جاتی ہے۔ نہ کمپنی کا کوئی مقامی سروس سینٹر ہے، نہ مرمت کی سہولت۔ آر ٹی آئی کے تحت انکشاف ہوا ہے کہ اس اسکیم سے متعلق 60 شکایات موصول ہو چکی ہیں، لیکن تاحال کوئی ٹھوس کارروائی نہیں ہوئی۔ پرہار تنظیم کے احتجاج کے بعد جانچ کمیٹی بنانے کا وعدہ کیا گیا تھا، مگر آر ٹی آئی سے معلوم ہوا کہ کوئی کمیٹی تشکیل ہی نہیں دی گئی۔
یوسف خان نے کہا کہ معذور افراد کو شہری علاقوں میں بھی کاروبار کی اجازت دی جائے، ناقص گاڑیوں کی جگہ بہتر معیار کی گاڑیاں فراہم کی جائیں اور بدعنوان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ جب تک ان مطالبات پر سنجیدگی سے عمل نہیں کیا جاتا، احتجاج جاری رہے گا۔ خان نے تمام معذور افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ 2 جون سے آزاد میدان میں ہونے والے دھرنے میں کثیر تعداد میں شرکت کریں۔