وارانسی: وارانسی ضلع جج کی عدالت میں گیان واپی-شرنگار گوری معاملے کی سماعت آئندہ 22 ستمبر کو مقرر ہے۔ لیکن مسلم فریق نے عدالت کی طرف سے سماعت کے لیے دی گئی اس تاریخ کو کم از کم آٹھ ہفتہ بعد کیے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ عدالت کے ذریعہ طے کردہ تاریخ کو انجمن انتظامیہ کے وکلاء نے چیلنج پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ 8 ہفتے کے پہلے یہ تاریخ نہیں دی جا سکتی۔
دراصل وارانسی کے ضلع جج اجئے کرشن وشویش نے گزشتہ 12 ستمبر کو معاملہ قابل سماعت قرار دینے کے ساتھ ہی 22 ستمبر کو اس کے لیے تاریخ طے کی۔ لیکن اب ضلع جج کی عدالت میں مساجد کمیٹی کے وکلاء نے درخواست دی ہے جس میں کہا ہے کہ ’’22 ستمبر کی تاریخ ملتوی کر کے کم از کم 8 ہفتے بعد کی تاریخ دی جائے۔‘‘مساجد کمیٹی نے اس تعلق سے سپریم کورٹ کے اس حکم کا حوالہ دیا ہے جس میں عدالت نے معاملہ ضلع جج کے یہاں چلانے کا حکم دیا تھا۔
ساتھ ہی حکم آنے پر آئندہ سماعت کا وقت کم از کم 8 ہفتے کے بعد کا طے کیا تھا تاکہ جس کسی کو بھی اعتراض ہو تو اسے مناسب وقت مل جائے۔ اس سلسلے میں مساجد کمیٹی کے وکیل رئیس احمد نے بتایا کہ آج ضلع جج کی عدالت میں ایک درخواست دی گئی ہے۔ اس میں آئندہ سماعت کے لیے 8 ہفتے کا وقت مانگا گیا ہے۔