مسلمانوں کیخلاف نفرت انگیز تقاریر پر کارروائی کی ہدایت دی جائے، سپریم کورٹ میں درخواست

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے آج ایک درخواست پر نوٹس جاری کی ہے جس کے ذریعہ ہندوستان میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے اور دہشت زدہ کرنے کی بڑھتی لعنت کو روکنے فوری مداخلت کرنے کی گزارش کی گئی تھی۔

اس درخواست کو ہیٹ اسپیچ سے متعلق دیگر درخواستوں کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے جو جسٹس کے ایم جوزف کی زیر صدارت بنچ پر زیر التواء ہیں۔

درخواست گزار نے حکومت ہند اور ریاستی حکومتوں کو یہ ہدایت دینے کی خواہش کی ہے کہ وہ نفرت پر مبنی جرائم کے واقعات اور نفرت انگیز تقاریر کے بارے میں آزادانہ، قابل اعتبار اور غیرجانبدارانہ تحقیقات شروع کریں۔

درخواست گزار نے مقررین اور ایسے نفرت پر مبنی جرائم میں ملوث ہونے والی تنظیموں کے خلاف انسداد غیرقانونی سرگرمیاں قانون اور دیگر متعلقہ تعزیری قوانین کے تحت مناسب کاروائی کی ہدایت دینے کی بھی التجاء کی۔

جسٹس اجئے رستوگی اور جسٹس سی ٹی روی کمار پر مشتمل بنچ نے سینئر ایڈوکیٹ کپل سبل کی سماعت کی جو درخواست گزار کی طرف سے پیش ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں کچھ کرنے کی ضرورت ہے اور ذمہ دار افراد کے خلاف کچھ کارروائی کی جانی چاہئے۔