مسلسل بارش سے ممبئی-تھانے متاثر، نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شند ے کا معائنہ

مسلسل بارش سے ممبئی-تھانے متاثر، نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کا معائنہ

ممبئی/تھانے (آفتاب شیخ)

تین دن سے جاری موسلادھار بارش نے ممبئی اور تھانے کے کئی علاقوں میں عام زندگی مفلوج کر دی ہے۔ جگہ جگہ پانی جمع ہونے اور زمین کھسکنے کے واقعات سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے منگل کو نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ممبئی اور تھانے کے مختلف متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور انتظامیہ کو ہدایت دی کہ آفات سے نمٹنے کے لئے مشینری کو ہر وقت چوکس رکھا جائے۔

شندے نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ضرورت کے بغیر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور احتیاط برتیں۔ انہوں نے تھانے میونسپل کمشنر سوربھ راؤ کو حکم دیا کہ نوپاڑہ اور کوپری کے چکھل واڑی علاقے میں جمع پانی کو پمپ کے ذریعے فوراً نکالا جائے۔ واضح رہے کہ تھانے میں 225 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کا ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہا ہے اور صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔

اس کے علاوہ نائب وزیر اعلیٰ نے باندرہ میں میٹھی ندی اور اس کے اطراف کے علاقوں کا بھی معائنہ کیا۔ دو روز قبل وہ وکرولی پارک سائٹ پر ورسہ نگر کی پہاڑی بستی میں زمین کھسکنے سے متاثرہ مقام کا بھی جائزہ لے چکے ہیں۔

شندے نے بتایا کہ ممبئی میں بارش کی صورتحال کے بارے میں آج صبح ان کی ممبئی میونسپل کمشنر سے فون پر بات ہوئی۔ میٹھی ندی کے کنارے این ڈی آر ایف کی ٹیمیں اور کشتیاں تعینات کر دی گئی ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت اور میونسپل انتظامیہ مکمل طور پر تیار ہے اور حالات سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading