ممبئی: کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال کی قیادت میں کانگریس پارٹی کے ایک وفد نے ریاستی الیکشن کمشنر دنیش واگھمارے سے ملاقات کی اور بلدیاتی انتخابات میں وی وی پیٹ (VVPAT) مشینوں کے استعمال کا مطالبہ کیا۔ اس وفد میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری پرفل گڈھے پاٹل، ریاستی کانگریس کے خزانچی ابھے چھاجیڈ، ڈاکٹر ذیشان حسین، عرفان پٹھان اور ناسک شہر کانگریس کے صدر آکاش چھاجیڈ شامل تھے۔
ریاستی الیکشن کمشنر سے ملاقات کے دوران وفد نے کہا کہ انتخابی عمل کو غیر جانبدار اور شفاف طریقے سے انجام دینا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، لیکن موجودہ طرز کو دیکھتے ہوئے کمیشن پر سے عوام کا اعتماد متزلزل ہو گیا ہے۔ لوگوں کو ایسا محسوس ہونے لگا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے برسراقتدار جماعت کو ووٹ چوری میں سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور اس طرح جمہوریت کو کمزور کیا جا رہا ہے۔ جیسا کہ لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے حال ہی میں اجاگر کیا ہے۔
ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ انتخابات میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں سامنے آ رہی ہیں اور مہاراشٹر میں بھی دھاندلی کے شواہد ملے ہیں۔ اب جبکہ بلدیاتی اداروں کے انتخابات ہونے جا رہے ہیں، الیکشن کمیشن نے یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان انتخابات میں وی وی پی اے ٹی استعمال نہیں کیا جائے گا۔ تاہم، کانگریس پارٹی کا کہنا ہے کہ انتخابی بے ضابطگیوں کو دیکھتے ہوئے وی وی پی اے ٹی کا استعمال لازمی ہے تاکہ عوام کے اعتماد کو بحال کیا جا سکے۔