مرکز میں 4 جون کو بنے گا انڈیا اتحاد کا وزیر اعظم‘، کانگریس نے پھر کیا دعویٰ

کانگریس نے آج ایک بار پھر یہ دعویٰ کیا کہ آئندہ 4 جون کو انڈیا اتحاد فتح کا پرچم لہرائے گا۔ کانگریس جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ’400 پار‘ نعرہ پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ 4 جون کو مرکز میں انڈیا الائنس کا وزیر اعظم بنے گا اور وہ اگلے 5 سال تک رہے گا۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کچھ ریاستوں میں بی جے پی کا صفایا ہو رہا ہے اور کچھ ریاستوں میں 2019 کی کارکردگی میں گراوٹ آ رہی ہے۔ یہ بیان جئے رام رمیش نے دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔

کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ ’’پی ایم مودی بوکھلائے ہوئے ہیں اور پورے ایجنڈے کو دوسری سمت لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ الگ الگ ریاستوں میں جا کر پی ایم مودی ہمارے منشور کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کر رہے ہیں۔ ہمارے منشور کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘ واضح رہے کہ کچھ دن قبل پی ایم مودی نے کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کانگریس اقتدار میں آئی تو وہ لوگوں کی جائیدادیں مسلمانوں میں بانٹ دے گی۔

جے رام رمیش نے کہا کہ ’’ہمارا نیائے پتر (انتخابی منشور) عوام کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے راہل گاندھی اور قومی صدر ملکارجن کھڑگے کی ملاقات کے بعد بنایا گیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزی کہا کہ ’’10 سالوں میں یہ بات واضح ہو گئی کہ پی ایم مودی کے ارادوں کی وجہ سے اقتصادی عدم مساوات اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ ہمارے موضوعات خواتین کے ساتھ انصاف، نوجوانوں کے ساتھ انصاف، کسانوں کے ساتھ انصاف کے ہیں اور ہم انہیں عوامی موضوعات پر الیکشن لڑنا چاہتے ہیں۔‘‘

جے رام رمیش کا کہنا ہے کہ ’’پی ایم مودی کا ہتھیار پولرائزیشن رہا ہے۔‘‘ الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ایم مودی کو نوٹس جاری ہونے پر جے رام رمیش نے کا کہ ’’ہم نے شکایت کی ہے۔ یہ ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ اور عوامی نمائندگی ایکٹ کے خلاف ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن غیر جانبداری سے کام کرے۔‘‘