اورنگ آباد 2 اپریل (یو این آئی)اورنگ آباد میں کورونا وائرس کے 2 پازیٹیو مریض ملنے کے بعد اب مراٹھواڑہ میں اس مرض میں مبتلا افراد کی تعدا 3 ہو گئی ہے۔جن میں ہنگلولی ضلع کا ایک مریض شامل ہے۔ اس کے علاوہ ابھی کئی زیر علاج مریضوں کی جانچ رپورٹ آنا باقی ہے۔
ڈیویزنل کمیشنر سنیل کیندریکر ، اورنگ آباد پولس کمیشنر چرنجیو پرساد اور متعلقہ اضلاع کے کلکٹرس و دیگر عہدیدارن عوام سے بار بار اپیل کر رہے ہیں کہ عوام حالات کی سنگینی کو محسوس کریں اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔ انتہائی شدید ٖضرورت پر ہی گھر سے باہر نکلیں۔بصورت دیگر سخت کاروائی کی جائے گی۔
اورنگ آباد شہر کے علاقہ عارف کالونی میں پونا سے واپس آنے والا 21 ساالہ ایک انجینئر نوجوان اور سڈکو این-4 کی رہنے والی ایک 59 سالہ خاتون جس کا شوہر کچھ دن قبل دہلی سے اورنگ آباد لوٹا تھا، کے نمونوں کی رپورٹ مثبت پائی گئی، ان دونوں کے علاوہ ایک اور مشکوک شخص کو سیول اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے، دونوں مریضو ں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ان دونوں سے رابطہ میں رہنے والے افراد خاندان وغیرہ کے نمونے جانچ کے لیےروانہ کیے گئے ہیں۔ حکام کی جانب سے ان علاقوں کو سیل کر دیا گیاہے اور عوام نے بھی ازخود ان علاقوں اور گلیوں کو روکاوٹیں لگا کر بند کر دیا ہے۔ ڈیویزنل کمیشنر سنیل کیندریکر نے کہا ہے کہ ان علاقوں کے عوام کو بنیادی سہولتیں متعلقہ کارپوڑیٹرس کے ذریعے سے پہنچائی جائیں گی۔
کورونا وائرس نے مراٹھواڑہ میں ایک بار پھر سر اٹھایا ہے، ہنگولی ضلع کے سرکاری اسپتال میں زیر علاج 49 سالہ ایک شخص کو کورونا وائرس کی پازیٹیو رپورٹ موصول ہوئی ہےاسپتال میں شریک 5 مشتبہ مریضوں میں سے یہ پہلی رپورٹ پازیٹیو آئی ہے، جبکہ دیگر 4 افراد کی رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی ہے۔