بھوپال: مدھیہ پردیش میں وزیراعلیٰ عہدے کے لئے کانگریس نے فیصلہ کرلیا ہے۔ پارٹی کے سینئرلیڈر اورریاستی صدرکمل ناتھ وزیراعلیٰ ہوں گے۔ پارٹی کے نومنتخب ممبران اسمبلی کی میٹنگ میں وزیراعلیٰ عہدے کے دوسرے دعویدار سمجھے جارہے جیوتی رادتیہ سندھیا نے تجویز پیش کی، جس کی سابق وزیراعلیٰ اورپارٹی کے سینئرلیڈر دگوجے سنگھ نے حمایت کی۔اس طرح سے کانگریس نے مدھیہ پردیش میں وزیراعلیٰ عہدے کا نام فائنل کرلیا ہے۔ اس سے قبل کمل ناتھ نے پارٹی لیڈروں کے ساتھ گورنر آنندی بین پٹیل سے ملاقات کرکے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا تھا۔ وہیں سابق وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دیا تھا۔ انہوں نے کمل ناتھ کو مبارکباد بھی پیش کی۔
واضح رہے کہ مدھیہ پردیش میں کانگریس سب سے بڑی پارٹی کے طورپرابھری ہے۔ تاہم وہ اکثریت حاصل کرنے سے کچھ پیچھے رہ گئی۔ مدھیہ پردیش کے 230 اسمبلی سیٹوں والی اسمبلی میں کانگریس کو 114 اوربی جے پی کو 109 سیٹیں ملی ہیں۔ جبکہ دیگرکے کھاتے میں 7 سیٹیں گئی ہیں۔ کانگریس کو بی ایس پی اورسماجوادی پارٹی کی حمایت مل گئی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ آزاد ممبران اسمبلی بھی کانگریس کی حمایت کے لئے تیارہوگئے ہیں۔