مالیگاؤں (عامر ایوبی) 30 اکتوبر، بروز بدھ رات ساڑھے نو بجے جنتادل سیکولر آفس پر ورکروں اور ہمدردوں کی ایک پُرہجوم تہنیتی و مشورتی میٹنگ کا انعقاد بزرگ سیاسی شخصیت حاجی حنیف صابر صاحب کی صدارت میں کیا گیا. ابتدائی گفتگو حامد حسین ظفر نے کی. پارٹی ترجمان سہیل عبدالکریم نے بھی ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے الیکشنی سرگرمیوں کا احاطہ کیا. ورکروں کی جانفشانی اور پارٹی لیڈران کی کامیاب حکمت عملی کو اجاگر کیا جس کے بعد موصوف نے نظامت کے فرائض بھی انجام دیئے.
پروفیسر رضوان خان نے جنتادل سیکولر کے ورکروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف پارٹی کی تحریک کو ورکروں نے شہریوں کے ذہنوں میں بِٹھانے کا کام کیا ہے. تحریکی شناخت ہی ہماری پہچان ہے.
جنتادل سیکولر سیکریٹری مستقیم ڈِگنیٹی نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع تھا جب شہر اور جنتادل کے ورکر نہال احمد صاحب کے بغیر الیکشنی سرگرمیوں سے گزر رہے تھے. اس پر ہمارے لئے دُکھ کا پہاڑ یہ ٹوٹا کہ ہمارے قائد ساتھی بلند اقبال بھی اس درمیان ہم سے جُدا ہوگئے. ایسے حالات میں ورکروں نے جس استقامت کے ساتھ نہال صاحب کے خانوادے کا ساتھ دیا اور الیکشن میں اپنے لیڈر ساتھی بلند اقبال کے وعدے کے مطابق مفتی محمد اسمٰعیل قاسمی صاحب کی کامیابی کیلئے جدوجہد کی، اس کا شہر معترف ہے. فیلڈ پر رہ کر نئے ورکروں کی رہنمائی بھی جنتادل کے ورکروں نے کی اور یہ ثابت کردیا کہ شہر میں سیاسی دادا گیری جنتادل سیکولر کے ورکروں میں ہی ہے. ہم آگے بھی شہر میں عوام کی ضرورتوں کے مطابق سیاسی کام کاج کرتے رہیں گے. پارٹی کے حمایت یافتہ نمائندے کے ایم ایل اے منتخب ہونے کے بعد بدعنوانی کے خلاف جنتادل سیکولر کی لڑائی کو بھی پایہ تکمیل تک پہنچانے کا عزم مستقیم ڈِگنیٹی نے کیا. موصوف نے پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کیلئے بھی ورکروں سے تعاون کی اپیل کی. ساتھ ہی انہوں نے پارٹی کے کارپوریٹرس و ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا خصوصاً آگرہ روڈ کے شمالی علاقوں میں الیکشن کی کمان سنبھالنے والے پارٹی کے عہدیداران کو شکریہ ادا کیا کہ ان کی کامیاب حکمت عملی کا نتیجہ رہا کہ مفتی محمد اسمٰعیل قاسمی صاحب کو اس علاقے سے بھرپور ووٹ ملے.
جنتادل سیکولر کی کارگزار صدر محترمہ شانِ ہند نہال احمد نے خطاب کرتے ہوئے ساتھی بلند اقبال کے سانحہ ارتحال پر موصوفہ کے گھرانے کی ڈھارس باندھنے سے لے کر اسمبلی الیکشن میں سرگرم عمل رہنے کیلئے ورکروں کی ہمت و حوصلوں کی ستائش کی. مثالوں کے ذریعے واضح کیا کہ کس طرح پارٹی کے ورکر اپنے لیڈر کے نام کو زندہ رکھنے کیلئے سرگرداں رہے. انہوں نے کہا کہ کئی مواقع پر یہ احساس ہوا کہ جنتادل سیکولر کے جانثاروں نے مفتی صاحب کیلئے ایسی محنت کی جیسی وہ نہال صاحب کی کامیابی کیلئے کرتے تھے. شانِ ہند نے اس بات کا اظہار کیا کہ آگے بھی آپ کا ساتھ اسی طرح قائم رہے گا تو اِن شَاء اَللَّہ ضرور ہم نہال احمد صاحب اور ساتھی بلند اقبال کے نظریات کو زندہ رکھ شہر میں عوامی کام کاج کرتے رہیں گے اور اپنی پارٹی کو بھی مضبوط کریں گے.
صدارتی خطبہ دیتے ہوئے حاجی حنیف صابر نے جنتادل سیکولر کے سبھی چھوٹے بڑے ورکروں کی ستائش کی. موصوف نے کہا کہ الیکشن کے دوران پورے شہر میں کسی بھی جنتادل کے ورکر کی جانب سے یہ سننے کو نہیں ملا کہ وہ محنت نہیں کر رہا ہے. ہر ورکر اپنی استطاعت کے مطابق مفتی محمد اسمٰعیل قاسمی صاحب کو کامیاب بنانے کیلئے کوشش کرتا رہا. موصوف نے پارٹی سیکریٹری مستقیم ڈِگنیٹی کی صلاحیتوں اور حکمت عملی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ساتھی بلند اقبال کے وعدے کو پورا کرنے کیلئے جی جان سے محنت کی اور یہ اس بات کو شہر نے بھی مانا.
درمیان میٹنگ، ورکروں کی جانب سے جنتادل سیکولر کے سبھی ذمہ داروں کا پھولوں سے استقبال کیا گیا. سیکریٹری مستقیم ڈِگنیٹی نے ورکروں کے نمائندے کے طور پر مسلم ڈھانڈے پہلوان کا استقبال کیا.
جنتادل سیکولر کی صدارت کے کیلئے مشورے سے تیرہ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جس کی صدارت حنیف صابر صاحب کو دی گئی جو شہر میں پارٹی کے ہمدردوں سے رائے مشورہ کر کے صدر کے عہدے کیلئے مناسب نام پیش کرے گی. اس میٹنگ میں کئی لوگوں نے پارٹی کے تنظیمی امور پر اپنے مفید مشوروں سے نوازا.
اس میٹنگ میں کارپوریٹر عبدالباقی، کارپوریٹر منصور شبیر، معاون کارپوریٹر سیّد سلیم، حنیف پہلوان، ظفر عابد، انیس مستری، عارف حسین پاپا، آفتاب عالم، عارف ہٹیلا، صادق مستری، ہارون ماسٹر، اقبال بالے، ایوب کَسَب، شیخ یوسف راشن والے، خالد الفرحت، ابواللیث انصاری، اسمٰعیل ہاکر، عبدالرحمٰن مالدہ، امتیاز راشن والے سمیت شہر بھر سے ورکروں، ہمدردوں نے شرکت کرکے میٹنگ کو کامیاب بنایا- ایسی پریس ریلیز جنتادل سیکولر کی جانب سے بغرض اشاعت موصول ہوئی-