مالیوال کی بھوک ہڑتال کا 10واں دن، سنجے سنگھ نے راجیہ سبھا میں اٹھایا مسئلہ

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے دہلی خواتین کمیشن کی صدر سواتی مالیوال کی بھوک ہرتال کا معاملہ جمعرات کو راجیہ سبھا میں اٹھایا اور کہا کہ حکومت کو ان سے بات کرنی چاہئے۔ عصمت دری کے قصورواروں کو جلد پھانسی دینے کے مطالبہ کے ساتھ دہلی کے راج گھاٹ پر دہلی خاتون کمیشن کی صدر سواتی مالیوال کی غیر معینہ بھوک ہڑتال کو دس دن مکمل ہو چکے ہیں۔ مالیوال کا کہنا ہے کہ ان کے ارادے مضبوط ہیں اور وہ اپنی جنگ جاری رکھیں گی۔


ادھر، سنجے سنگھ نے ایوان میں وقفہ صفر کے دوران یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ مالیوال خواتین کی حفاظت کے سلسلے میں تین دسمبر سے بھوک ہڑتال پر ہیں اور ان کی حالت خراب ہوتی جارہی ہے۔ وہ نربھیا کیس کے قصورواروں کو پھانسی کی سزا دینے ،عصمت دری کی متاثر خواتین کو انصاف دلانے کےلئے فاسٹ ٹریک کورٹ تشکیل دینے اور متعلقہ معاملوں کو چھ مہینوں کے اندر سلجھانے کا مطالبہ کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے نمائندوں کو مالیوال سے ملنا چاہئے اور بھوک ہڑتال ختم کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔


دھرنے پر بیٹھی ہوئی سواتی مالیوال نے کہا، ’’آج انشن کا 10 واں دن ہے۔ میں اپنے جسم کو ہر دن آہستہ آہستہ ٹوٹتا ہوا محسوس کر رہی ہوں۔ اپنے خاندان اور دوستوں کی مسکراہٹوں کے پیچھے آنسو دیکھ رہی ہوں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’ان کا خیال ہے کہ وہ مجھے تھکا دیں گے۔ جتنا وہ تڑپائیں گے، حوصلے اتنے ہی بلند ہوں گے۔‘‘ سواتی مالیوال نے کہا کہ یہ لڑائی ان کے گھمنڈ اور ہماری ضد کے مابین ہے۔ سچائی کی جیت یقینی ہے۔

اپنے ایک اور ٹوئٹ میں مالیوال نے کہا، ’’گزشتہ سال میرے انشن کے 10 ویں دن ریپسٹوں کو 6 ماہ میں پھانسی دینے کا قانون بنا گیا تھا۔ ڈیڑھ سال کے بعد میں دوبارہ انشن پر پر بیٹھی تو 10ویں دن ملک میں 1023 فاسٹ ٹریک عدالتیں بنائے جانے کا اعلان کیا گیا۔ اس سے 6 ماہ میں ریپسٹ کو پھانسی دینے کی جنگ کو تقویت ملے گی۔‘‘ انہوں نے اسے اپنی تحریک کی بڑی فتح قرار دیا۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading