لبنان میں حزب اللہ کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ جمعہ کے روز کیے جانے والے اسرائیل کے ایک اہدافی حملے میں تنظیم کے ایلیٹ یونٹ رضوان فورس کے سربراہ ابراہیم عقیل جاں بحق ہو گئے ہیں۔خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اس کے جنوبی بیروت میں کیے گئے حملے میں ابراہیم عقیل سمیت 10 سینیئر کمانڈر مارے گئے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق حساس معاملات پر بات کرنے کے لیے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی فضائی حملے میں کمانڈر ابراہیم عقیل جان سے گئے، جو حزب اللہ کی مسلح فورس میں فواد شُکر کے بعد دوسرے نمبر پر تھے۔لبنان کی وزارت صحت نے بتایا کہ اس حملے میں تین افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوئے۔
اسرائیل نے کہا کہ اس نے بیروت میں ایک ’ہدف کو نشانہ‘ بنایا ہے۔ ایک سکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ فضائی حملہ شہر کے جنوب میں حزب اللہ کے مضبوط گڑھ پر کیا گیا۔گذشتہ برس سات اکتوبر کو اسرائیل – حماس جنگ کے آغاز کے بعد سے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے پر یہ تیسرا فضائی حملہ ہے۔رواں ہفتے تشدد کا مرکز غزہ سے لبنان کی طرف منتقل ہوا ہے۔
جولائی میں حزب اللہ کے ایک اعلیٰ کمانڈر فواد شکر اور جنوری میں اتحادی فلسطینی مزاحتمی تنظیم حماس کے ایک رہنما صالح العاروری کو لبنان میں فضائی حملے میں مارا گیا تھا۔قبل ازیں جمعے کی صبح اسرائیل نے کہا تھا کہ حزب اللہ نے فضائی حملوں میں نشانہ بننے کے بعد لبنان سے درجنوں راکٹ داغے ہیں۔اسرائیل نے کہا تھا کہ اُس کی بمباری سے عسکریت پسند گروپ کے درجنوں لانچر تباہ ہو گئے۔